مصر میں کورونا وائرس سے 6 ڈاکٹر ہلاک
’اب تک 78 ڈاکٹر اس وبا سے ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 430 کورونا کا شکار ہیں‘ ( فوٹو: الاہرام)
مصر میں کورونا کے باعث 6 ڈاکٹر ہلاک ہوگیے ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس کے شکار ہونے والے ڈاکٹر کی شرح 5 سے 7 فیصد ہے۔
مصری اخبار الیوم کے مطابق مصری ڈاکٹروں کی یونین کے سربراہ ابراہیم الزیات نے کہا ہے کہ ’ہلاک شدہ ڈاکٹروں میں سے بعض زیر تربیت تھے جبکہ بعض میڈیکل کالج کے طالبعلم تھے جن کا آخری تعلیمی سال تھا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یونین نے اب تک کورونا کا شکار ہونے والے جن ڈاکٹروں کا شمار کیا ہے ان کی تعداد 430 ہے‘۔
’اب تک 78 ڈاکٹر اس وبا سے ہلاک ہوچکے ہیں، ان میں میڈیکل سٹاف سے تعلق رکھنے والا دیگر عملہ شامل نہیں‘۔
واضح رہے کہ ہفتہ تک دستیاب اعداد و شمار کے مطابق مصر میں اب تک 53 ہزار758 افراد کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔ 14 ہزار 327 افراد شفایاب ہوگیے جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد 2106 ہے۔