Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور سعودی عرب کا سیاحت کے شعبے کو کھولنے پر غور

دونوں ممالک نے سیاحت کے ساتھ ثقافتی ورثے کو تحفظ دینے پر بھی اتفاق کیا (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں سیاحت کے ادارے نیشنل ٹورازم بورڈ کے چیئرمین سید زلفی بخاری اور سعودی وزیر سیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے ایک ویڈیو کال کے دوران سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے پر گفتگو کی ہے اور سیاحت کی معیشت کی بہتری میں اہمیت پر زور دیا ہے۔
سعودی وزیر نے زلفی بخاری کو حال ہی میں تشکیل دیے گئے سعودی ٹورازم ڈیویلپمنٹ فنڈ کے بارے میں بھی بتایا ہے۔
احمد بن عقیل الخطیب نے سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے ریگولیشن کا جائزہ لینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور سعودی عرب میں پاکستانی سیاحت کو فروغ دینے کی پیشکش کی۔
سعودی عرب اور پاکستان نے سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ  ثقافتی ورثے کو تحفظ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
زلفی بخاری نے سعودی وزیر سیاحت کو پاکستان میں سیاحت کے شعبے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اس میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
زلفی بخاری نے سیاحت کو چھوٹے اور بڑے پیمانے پر ترقی دینے پر سعودی وزیر کی تعریف کی۔
انہوں نے سعودی وزیر کو پاکستانی سیاحت کو لانچ کرنے کے حوالے سے اپنے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹورازم پراجیکٹس پر بات کرنے کے لیے اپنے سعودی عرب کے دورے کے بارے میں بھی بتایا جو وبا کی وجہ سے مؤخر کر دیا گیا تھا۔
سعودی وزیر سیاحت نے پاکستان کی ٹورازم حکمت عملی کا ڈرافٹ مہیا کرنے کی درخواست کی تاکہ پاکستان کے ٹورازم پوٹینشل کا جائزہ لیا جا سکے۔ زلفی بخاری نے یہ ڈرافٹ مہیا کرنے کی حامی بھری ہے۔

شیئر: