Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا کے بعد بالکل فٹ‘ برطانوی وزیراعظم کے ’پریس اپس‘

وزیر اعظم کچھ پریس اپس کرنے کے لیے فرش پر جھک گئے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے 'دا میل' اخبار کو ایک انٹرویو کے دوران ورزش میں ’پریس اپس‘ کرتے ہوئے یہ بتایا کہ وہ جسمانی طور پر انتہائی فٹ ہیں۔ زیادہ عرصہ نہیں گزرا کہ بورس جانسن کورونا کا شکار ہوگئے تھے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں کچھ دن گزارنے پڑے تھے۔
بورس جانسن جو برطانیہ کے یورپی یونین چھوڑنے کی مہم کے دوران اور لندن کے میئر کی حیثیت سے دلفریب سٹنٹس کے لیے مشہور ہیں۔ انہوں نے اس انٹرویو کو کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد برطانیہ کو معمول کی صورتِ حال پر ’واپس لانے‘ میں مدد دینے اور بنیادی ڈھانچے پر رقم خرچ کرنے کے منصوبوں کے بارے میں استعمال کیا۔
لیکن برطانوی رہنما یہ ظاہر کرنے کے خواہشمند بھی تھے کہ وہ اپریل میں کورونا وائرس کا شکار ہونے اور انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رہنے کے بعد مکمل صحتیاب ہو گئے ہیں۔

بورس جانسن کورونا کا شکار ہوگئے تھے ہسپتال میں کچھ دن گزارنے پڑے تھے۔ (فوٹو: ڈیلی میل)

انہوں نے ہسپتال میں اپنے قیام کو کچھ اس طرح بیان کیا ’اس دوران کچھ بھی ہو سکتا تھا۔‘
خیال رہے کہ رواں برس چھ اپریل کو بورس جانسن کی طبیعت بگڑ گئی تھی اور انہیں سینٹ تھامس ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں نو اپریل تک آئی سی یو میں رکھا گیا۔
بورس جانسن نے کہا ’میں بالکل فٹ ہوں۔ کیا آپ چاہتے ہیں کہ میں کتنا فٹ ہوں یہ دکھانے کے لیے میں چند پریس اپس کروں؟‘
وزیر اعظم نے ٹائی اور شرٹ پہنی ہوئی تھی پھر کچھ پریس اپس کرنے کے لیے فرش پر جھک گئے۔ 

شیئر: