عجائب گھر قاہرہ اور دیگر علاقوں میں واقع ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
مصر میں تاریخی مقامات اور عجائب گھر کئی ماہ تک بند رہنے کے بعد کھول دیے گئے۔
الشرق الاوسط کے مطابق مصری آثار قدیمہ کی سپریم کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مصطفی وزیری نے بتایا کہ تین ماہ سے کورونا وائرس کی وجہ سے عجائب گھر اور تاریخی مقامات بند پڑے ہوئے تھے۔ بدھ یکم جولائی کو 21 عجائب گھر اور تاریخی مقامات سیاحوں کے لیے کھول دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عجائب گھر قاہرہ، جیزۃ، اسکندریہ، مطروح، الاقصر اور اسوان میں واقع ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر تمام عجائب گھر اور تاریخی مقامات کھولنے کے لیے نظام الاقات تیار کرلیا گیا ہے بتدریج سب کھول دیے جائیں گے۔
الجیزہ کے اہرامات ، قلعہ، التحریر اسکوائر کا قومی عجائب گھر، اسلامی عجائب گھر اور عیسائی آثار قدیمہ والا عجائب گھر بھی کھول دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر مصطفی وزیری نے مزید کہا کہ سکندریہ کا قومی عجائب گھر، شاہی زیورات عجائب گھر، عمود السواری کے علاقے ، قلعہ قایتبای، کوم الشکافۃ، مطروح اور کھف رومیل عجائب بھی کھول دیے گئے ہیں۔
مغربی الاقصر میں وادی الملوک کے مقبرے ، کرنک اور الاقصر میں واقع عبادت گھرحتشبسوت الاقتصر عجائب گھر، النوی عجائب گھر، فیلہ عجائب گھر، ابو سمبل نامی چھوٹے بڑے عبادت گھر بھی کھوکے جا رہے ہیں۔