Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں جعلی کرنسی پھیلانے کا نیٹ ورک پکڑا گیا

5 لاکھ امریکی ڈالر اور ایک لاکھ 48 ہزار جعلی ریال برآمد ہوئے۔(فوٹواخبار24)
سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض میں پولیس نے جعلی کرنسی پھیلانے کے الزام میں تین سوڈانیوں کو گرفتارکیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 5 لاکھ امریکی ڈالر اور ایک لاکھ 48 ہزار جعلی ریال برآمد ہوئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری نے بتایا کہ ’پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مارکیٹوں میں جعلی کرنسی پھیلانے والا نیٹ ورک کام کر رہا  ہے‘۔
’اطلاع ملنے پر پولیس کے سپیشل سکواڈ کے ذریعے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کی حکمت عملی مرتب کی گئی۔ پولیس سکواڈ کی خفیہ ٹیموں کے ارکان نے ملزمان کی خفیہ انداز میں نگرانی شروع کردی‘۔
کرنل التویجری کا مزید کہنا تھا کہ ’ملزمان کا انتہائی مہارت سے تعاقب کر کے ان کی رہائش اور دیگر ٹھکانوں کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں بعد ازاں رہائش پر چھاپہ مارا گیا۔‘
پولیس نے ملزمان کی رہائش سے جعلی ریال اور ڈالر کے علاوہ نوٹ گننے والی کمپیوٹرائزڈ مشین بھی برآمد کرلی، جبکہ جعلی نوٹ بنانے کی متعدد ڈائیاں اور دیگر آلات بھی ملے ہیں۔
تینوں گرفتار ملزمان کے اقبالی بیانات کے ساتھ ان کا کیس پراسیکیوشن جنرل کے ادارے کو بھیج دیا گیا ہے جہاں ملزمان سے مزید تحقیقات کرنے کے بعد ان کا چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

شیئر: