ریاض ریجن کی پولیس نے جعلی کرنسی نوٹ پھیلانے کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان میں ایک سعودی جبکہ دوسرا لبنانی باشندہ ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ ایس پی اے ‘ نے ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری کے حوالے سے بتایا ہے کہ’ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ شہر میں بڑی تعداد میں جعلی کرنسی پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ’اطلاع ملتے ہی تمام علاقے کے تھانوں کو خبر دارکیا گیا تاکہ ملزمان کو مارکیٹ میں جعلی نوٹ پھیلانے سے قبل ہی گرفتار کیاجاسکے۔‘
ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ خصوصی ٹاسک فورس کے اہلکاروں نے ملزمان کے ٹھکانے کے بارے میں اطلاع ملتے ہی علاقے کو گھرے میں لے لیا تاکہ پولیس کو دیکھ کران کے فرار ہونے کے تمام امکانات کو ختم کیا جائے۔
ملزمان نے ریاض کے مشرقی علاقے شاہ فیصل ٹاؤن کے ایک فلیٹ میں اپنا ٹھکانہ بنایا ہوا تھا۔ ملزمان کے فلیٹ سے 8 لاکھ کے 500 ریال والے جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔
ملزمان کے خلاف جعلی کرنسی نوٹ رکھنے کا مقدمہ دائر کرکے انہیں متعلقہ اداروں کے سپرد کر دیا گیا جہاں ان کے خلاف ابتدائی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد چالان محکمہ تحقیقات و استغاثہ میں جمع کرایاجائے گا تاکہ ان پر باقاعدہ مقدمہ چلایاجاسکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی عمریں 40 اور 50 برس کے درمیان ہیں ان سے مزید تحقیقات جاری ہے۔