عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ معاشرے کو نئے کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے سے بچانے اور کووڈ 19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لیباریٹری ٹیسٹ کا دائرہ تیزی سے پھیلایا جارہا ہے۔
وزارت صحت کا کہنا تھا جب تک مقامی شہری اور مقیم غیرملکی کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے مقررحفاظتی تدابیر کی پابندی نہیں کریں گے اس وقت تک وزارت صحت کی تمام کاوشیں پوری طرح سے کارگر ثابت نہیں ہوں گی۔
وزارت صحت نے تمام افراد کو ہدایت کی کہ وہ پانی اور صابن سے وقفے وقفے سے ہاتھ دھوتے رہیں یہ وائرس سے بچاؤ کا موثر ترین طریقہ ہے۔
گھر سے نکلتے وقت ہر شخص میڈیکل ماسک یا کپڑے والا ماسک ضرور استعمال کرے یا کم از کم منہ اور ناک ڈھک کر ہی گھر سے نکلے۔ اس پابندی سے بند گھر میں تنہا رہنے والے مستثنی ہیں۔
احتیاطی تدابیر ہی وائرس سے بچاؤ کا موثر ترین طریقہ ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
وزارت صحت نے پھر یاد دہانی کرائی کہ جو لوگ اپنے اندر وائرس کی علامتیں محسوس کریں یا وہ اطمینان کرنا چاہتے ہوں وہ موعد ایپ یا تطمن کلینک سے رجوع کریں یا 937 سینٹر پر رابطہ کرکے مشاورت طلب کریں۔
مقامی شہری اور مقیم غیرملکی 920005937 نمبر پر واٹس اپ ایپلی کیشن کے ذریعے بھی صحت خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔