Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عیدالفطر والی غلطی دہرائی تو کیسز بڑھ جائیں گے‘

پاکستان میں عیدالفطر کے بعد کورونا کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح نیچے جا رہی ہے۔ ’ہمیں یہ اندازہ تھا کہ جولائی کے آخر تک کورونا کی انتہا آئے گی۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں 250 بستروں کے آئسولیشن ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ 'عیدالاضحیٰ پر حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کریں اور عید سادگی سے منائیں۔' 
'عیدالفطر پر ہم نے بے پروائی کا مظاہرہ کیا اور زیادہ تعداد میں لوگ جمع ہوتے رہے جس سے وائرس تیزی سے پھیلا، اس سے ہمارے ہسپتالوں پر دباؤ میں اضافہ ہوا اور بدقسمتی سے اموات بھی ہوئیں۔'
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمتِ عملی اختیار کی جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ 
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر عیدالفطر والی غلطی اس عید پر بھی دہرائی اور ایس او پیز کا خیال نہ رکھا تو خدشہ ہے کہ وبا کے کیسز دوبارہ سے زیادہ ہو جائیں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ 'اپنے بیماروں اور کمزور افراد کا خاص خیال رکھیں۔'
دوسری جانب پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3 ہزار 359 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 61 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 983 ہو گئی ہے۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 2 لاکھ 40 ہزار 848 ہو گئی ہے۔
ملک میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 90 ہزار 554 ہے جبکہ ایک لاکھ 45 ہزار 311 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں ہیں۔ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 99 ہزار 362 ہوگئی ہے جبکہ 1637 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پنجاب میں وبا کے مریضوں کی تعداد 84 ہزار 587 ہو چکی ہے جبکہ 1955 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پاکستان کے بڑے شہروں کے وائرس سے متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

خیبر پختونخوا میں کورونا کے 29 ہزار 52 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ صوبے میں ایک ہزار 54 اموات ہو چکی ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 13 ہزار 731 ہے جبکہ وبا سے 142 افراد کی جان چلی گئی ہے۔
بلوچستان میں 11 ہزار 52 مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ صوبے میں وبا سے 124 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
گلگت بلتستان میں 1605 افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ علاقے میں 31 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1459 ہوگئی ہے جبکہ علاقے 40 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں