دبئی میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع
جمعرات 9 جولائی 2020 13:02
دبئی کے ہوٹلوں میں تحفظات کے ساتھ استقبال کا انتظام ہے۔(فوٹو امارات الیوم)
دبئی ایئرپورٹ پر دنیا بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ جہاں عرب اور دیگر ممالک سے پروازیں پہنچی ہیں۔
امارات الیوم کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی نے کورونا بحران پر کافی حد تک قابو پانے کے بعد اپنے دروازے سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیئے ہیں۔
دبئی ایئرپورٹ پر سیاحوں کی پہلی پروازیں جان ایف کینیڈی واشنگٹن، شکاگو، ٹورنٹو اور بیروت کے علاوہ دیگر ہوائی اڈوں سے پہنچی ہیں۔
دبئی ایئرپورٹ نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور مسافروں کی سلامتی کے لیے تمام حفاظتی تدابیر اختیار کر رکھی ہیں۔ یہ اقدامات مسافروں کی صحت کو یقینی بناتے ہیں۔
قبل ازیں دبئی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی سپریم کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ مخصوص اور محفوظ طریقہ کار کے ذریعے دبئی آنے والے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع کیا جائے جو مسافروں کی صحت اور حفاظت کی ضمانت دے۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی کے ہوٹلوں نے مکمل تحفظات کے ساتھ سیاحوں کے استقبال کا انتظام کر رکھا ہے۔
یہاں ہوٹلوں میں 127ہزار 844 کمرے موجود ہیں جن میں لگژری ریزروٹس اور تفریحی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔
دبئی ائیرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ امارات ائیر لائنز اور فلائی دبئی کی مزید شہروں سے پروازیں شروع کرنے کے اعلان کے ساتھ سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔دبئی ائیرپورٹ دنیا بھر میں بین الاقوامی مسافر کی آمدورفت کے لحاظ سے سب سے بڑا ائیرپورٹ ہے۔
دبئی کے محکمہ سیاحت اور تجارت نے سیاحت کی تیاری کے عنوان سے غیر معمولی اقدامات کرتے ہوئے حوصلہ افزاء انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے دنیا بھر سے تین ہزار افراد کو دعوت دی ہے۔
یہاں پہنچنے والے تمام سیاحوں کو کورونا وائرس کے انفیکشن کے بارے میں تازہ ترین اعداد و شمار جاننے کے لیے ایپلی کیشن ڈاون لوڈ کرنے کا کہا گیا ہے۔ اس ایپلی کیشن کے ذریعے وہ علامات ہونے کی صورت میں متعلقہ صحت حکام سے رابطے میں رہیں گے۔