دبئی میں ٹرام، بسوں، سمندری ٹرانسپورٹ کو مربوط بنانے کا منصوبہ
دبئی میں ٹرام، بسوں، سمندری ٹرانسپورٹ کو مربوط بنانے کا منصوبہ
جمعرات 9 جولائی 2020 15:28
دبئی کے جنوبی حصے کے رہائشیوں کو سہولت ملے گی۔ (فوٹو نیو ایکسپو)
دبئی میٹرو لائن کی 15 کلومیٹر طویل پٹری کی توسیع کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ سات نئے سٹیشنوں کا یہ میٹرو روٹ ستمبر کے مہینے میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔
گلف نیوز کے مطابق دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشدالمکتوم نے اس منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔
میٹرو روٹ 2020 کے نام سے 2.9 ارب ڈالر کی لاگت کے اس منصوبہ سے شہر کی میٹرو لائن میں مزید سات سٹیشنوں کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ ایکسپو 2020 کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے وام کے جاری کردہ بیان کے مطابق میٹرو لائن کا یہ جدید منصوبہ دبئی کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے علاوہ سیاحوں کے لیے نقل و حمل کی بہترین اور محفوظ سہولتیں پیش کرنے میں ایک اور اضافہ ہے۔
یہ توسیع منصوبہ دبئی کی سڑکوں اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے زیر انتظام میٹرو، ٹرام، بسوں اور سمندری ٹرانسپورٹ کے نظام کو مربوط بنائے گا۔
ماسٹر پلان کے حصے کے طور پرمکمل کیا گیا یہ منصوبہ بہترین ماس ٹرانزٹ سسٹم فراہم کرے گا۔
دبئی کے جنوبی حصے میں قائم کیے گئے نئے سٹیشنوں سے رہائشیوں اور سیاحوں کو مزید خدمات اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ نئے سٹیشنوں میں ڈسکوری گارڈنز ، الفرجان ، جمیرا گالف سٹیٹس ، دبئی انویسٹمنٹ پارک شامل ہیں۔