’منقسم دنیا وبا کو شکست نہیں دے سکتی‘
جمعرات 9 جولائی 2020 16:26
امریکہ اگلے سال جولائی میں عالمی ادارہ صحت سے علیہدہ ہو جائے گا۔ فوٹو اے ایف پی
عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کا واحد طریقہ یہی ہے کہ تمام ممالک متحد ہو کر وائرس کے خلاف لڑیں۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادہانوم غیبریسیئس نے کہا کہ دنیا منقسم ہو کر کورونا وائرس کو شکست نہیں دے سکتی، ایسا کرنے سے صرف دشمن کو ہی فائدہ ہوگا۔
اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت کا بیان امریکی حکام کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ نے ڈبلیو ایچ او سے علیحدگی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ امریکہ چھ جولائی 2021 کو عالمی ادارہ صحت کا ساتھ چھوڑ دے گا۔
امریکہ عالمی ادارہ صحت کی مالی معاونت کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جو سالانہ 450 ملین ڈالر فراہم کرتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر چین کا ساتھ دینے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد عالمی ایجنسی کی فنڈنگ معطل کر دی تھی۔
صدر ٹرمپ کی عالمی ادارہ صحت کے حوالے سے حالیہ پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائڈن نے کہا ہے کہ وہ منتخب ہونے کے بعد صدر ٹرمپ کا عالمی ایجنسی سے نکلنے کا فیصلہ واپس لیں گے۔