Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر سمر فیسٹیول دو ماہ جاری رہے گا

فیسٹیول میں آتش بازی کے شوز بھی ہوں گے (فوٹو: العربیہ)
عسیر ریجن میں چار دن قبل شروع ہونے والا سمر فیسٹیول دو ماہ تک جاری رہے گا- 60 روز کے دوران رنگا رنگ 99 پروگرام کیے جائیں گے-
میلے کے پروگرام عسیر کے باشندوں اور پرفضا مقام کی سیر و سیاحت کے لیے آنے والے  مختلف طبقوں کے لوگوں کے ذوق اور پسند کو مدنظر رکھ کر تیار کیے گئے ہیں-
العربیہ نیٹ کے مطابق میلے میں  پہلا پروگرام ’خیرات عسیر‘ (عسیر کی نعمتیں) کے عنوان سے منعقد کیا جا رہا ہے- اس کے تحت عسیر کی زرعی پیداوار کی مارکیٹنگ کی جارہی ہے- کورونا وبا سے متاثرہ کاشتکاروں کو قانونی طریقوں سے سہارا دیا جا رہا ہے اور یہ پورا پروگرام وزارت صحت کی طرف سے مقررہ سلامتی ضوابط کی پابندی کے ساتھ انجام  دیا جا رہا ہے-

سمرفیسٹول روزانہ شام 4 سے رات 8 بجے تک جاری رہے گا (فوٹو، العربیہ)

عسیر سمر فیسٹیول کے منتظمین کا کہنا ہے کہ  مقامی کاشتکاروں کی پیداوار کھپانے کے لیے مثالی موسمی بازار لگائے جا رہے ہیں- کوشش یہ  ہے کہ کسی بھی کاشت کار کی پیداوار تلف نہ ہو-
عسیر کے سو کاشت کار غلہ جات، شہد، پھل، سبزیاں، انواع و اقسام کے پودے، پھلواریاں اور خوشبودار پودے  موسمی بازاروں میں پیش کررہے ہیں- عسیر خوشبودار پودوں کے حوالے سے مملکت بھر میں مشہور ہے-
’خیرات عسیر‘ مقامی مارکیٹ روزانہ شام 4 بجے سے رات 8 بجے تک کھلتی ہے جہاں دکانداروں اور خریداروں دونوں کے لیے ہر طرح کی سہولیات میسر ہیں- ریستورانوں کا ایک گوشہ بھی ہے- جبکہ عوامی فنون کا اسٹیج بھی سجایا گیا ہے- کاشتکاروں کو زرعی آگہی کے لیے جگہ جگہ کاؤنٹر بھی قائم کیے گئے ہیں-
عسیر سمر فیسٹیول میں چہل قدمی کا پروگرام بھی رکھا گیا ہے اس میں ہر عمر کے لوگ چھ کلو میٹر تک تیز تیز قدموں سے چلتے ہیں- دوڑ میں حصہ لینے والوں میں سے 20 کو قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات بھی دیے جائیں گے-
عسیر سمر فیسٹیول میں آتشبازی کے متعدد شوز ہوں گے- علاوہ ازیں بازوں کے مقابلے ہوں گے- گھڑ دوڑ کا بھی انتظٓام کیا گیا ہے-
عسیر سمر فیسٹیول میں کلاسک گاڑیوں کا شو، اوپیرا، تھیٹر، گھریلو مصنوعات کی نمائش بھی شامل ہے-  بہترین گھریلو مصنوعات تیار کرنے والے خاندانوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات دیے جائیں گے-
سمر فیسٹیول میں فوڈ ٹرک بھی نظر آ رہے ہیں جبکہ عسیر آرٹ اور تاریخی ورثے کی راتیں، موٹر سائیکلوں کا شو، عجائب گھروں کی سیر، سائیکلوں کی دوڑ، تجریدی آرٹس کی نمائش، ہائیکنگ، تاریخی قریوں کی سیر، میراتھن، مشاعرے اور کھلی فضا میں گپ شپ کے پروگرام بھی منعقد ہورہے ہیں-

 میلے میں انگوروں اور پھلوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں (فوٹو: العربیہ)

سمر فیسٹیول میں انگوروں اور پھلوں کا میلہ بھی لگایا جائے گا-عید الاضحی کے موقع پر عید ملن کا پروگرام ہوگا۔
یاد رہے کہ عسیر سمر فیسٹیول 2020 کے پروگراموں میں ریجن کے  تمام شہروں اور کمشنریوں کی نمائندگی ہے- ظہران الجنوب سے  لے کر شمال میں البشائر تک پہاڑی سیاحتی پٹی  پر آباد تمام بستیوں کے لوگ فیسٹیول کا حصہ ہیں-
عسیر سمر فیسٹیول کا افتتاح پیرکو کیا گیا تھا۔ 

شیئر: