Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی، سینکڑوں دکانیں سیل

باربر شاپس اور خواتین کے بیوٹی پارلرز بھی شامل تھے۔(فوٹو سبق)
 سعودی عرب کے شہر جدہ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے  543 دکانیں سیل کر دیں۔
بند کی جانے والی بیشتر دکانوں میں باربر شاپس اور خواتین کے بیوٹی پارلرز بھی شامل تھے۔
 ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق بلدیہ کے ریجنل سیکرٹری انجینئر محمد ابراہیم الزھرانی نے بتایا کہ وزارت صحت کی جانب سے دکانوں اور تجارتی اداروں کے لیے کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے ضوابط مقرر کیے گئے ہیں جن پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جا سکے۔

تجارتی اداروں میں کام کرنے والوں کے لیے بھی ایس اوپیز مقرر ہیں (فوٹو سبق)

حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے بلدیہ کے ذیلی اداروں کی جانب سے تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو جدہ کے 19 ڈسٹرکس کی نمائندگی کرتی ہیں۔ ہر علاقے کے لیے ایک ٹیم مقرر کی گئی ہے جو مختلف اوقات میں مارکیٹوں کی نگرانی کرکے خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کرتی ہیں۔
الزھرانی نے مزید کہا کہ باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز پر کافی عرصہ پابندی تھی۔ روز مرہ کے امور کے دیگر شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دینے کے باوجود ان شعبوں کو دیر سے اجازت دینے کا مقصد ان کے لیے ایس او پیز پرعمل درآمد کو یقینی بنانا تھا۔
 باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز میں جسمانی دوری کے اصول پر مکمل طور پر عمل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ اس لیے ان شعبوں کے لیے جامع ضوابط مقرر کرنے کے بعد انہیں اس امر کا پابند کیا گیا تھا کہ ان پر من وعن عمل کیا جائے گا۔
ریجنل سیکرٹری الزھرانی نے مزید کہا کہ دیگر تجارتی اداروں میں کام کرنے والوں کے لیے بھی ایس اوپیز مقرر ہیں جن کے مطابق کارکنوں کو دستانے اور ماسک پہننے کی خصوصی ہدایت کی گئی تھی جبکہ دکانوں اور تجارتی مراکز کو مستقل بنیادوں پر سینیٹائز کرنا بھی لازمی ہے۔

دکانوں اور تجارتی مراکز کو مستقل بنیادوں پر سینیٹائزکرنا لازمی ہے۔ (فوٹو سبق)

مارکیٹوں میں آنے والوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کے لیے کارکنوں کو متعین کرنا بھی ایس او پیز میں شامل ہے۔
ایسے ادارے جہاں ضوابط پر عمل نہیں کیا جاتا ان کے خلاف تفتیشی ٹیمیں فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کردیتی ہیں جبکہ قانون کے مطابق ان پر جرمانے بھی عائد کیے جاتے ہیں۔ الزھرانی نے شہریو ں  اور تارکین وطن سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی بلدیہ کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے اطراف میں رونما ہونے والی کسی بھی خلاف ورزی کے بارے میں 940 پر فوری رپورٹ کریں۔
دوسری جانب عاجل ویب نیوز کے مطابق مدینہ منورہ میں بلدیہ کی جانب سے ایک ہفتے کے دوران بلدیہ کی ٹیموں نے تجارتی مراکز اور دکانوں کے 2217 دورے کیے جبکہ خلاف ورزیوں پر 668 انتباہی نوٹس بھی جاری کیے گئے جبکہ 100 دکانوں کو خلا ف ورزیوں پر سیل کیاگیا۔

شیئر: