مقررہ کردہ ایس او پیز پر عمل نہیں کیا جا رہا تھا(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے جدہ کی معروف گولڈ مارکیٹ سیل کردی گئی ہے۔
بلدیہ کے ذیلی برانچ کے ڈائریکٹر انجینئرباسل فلمبان نے ویب نیوز سبق سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ کے امور صحت کے شعبے کی جانب سے واضح طور پر تمام مارکیٹس اور سپرسٹورز کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ضوابط جاری کیے گئے تھے جن پرعمل نہ کرنا خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر کے مطابق مقررہ ایس او پیز کے مطابق مارکیٹوں میں سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرنا اشد ضروری ہے تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جا سکے۔
وزارت صحت کی جانب سے مقررہ ایس اوپیز میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹوں میں آنے والوں کو سماجی فاصلہ برقراررکھنا چاہیے تاہم مارکیٹوں کی انتظامیہ کو بھی اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ کاہگوں کے مابین سماجی فاصلہ رکھیں اور لوگوں کا ہجوم نہ ہونے دیں۔
جدہ کی گولڈ مارکیٹ میں بلدیہ کو اطلاع ملی تھی کہ وہاں سماجی فاصلے کے اصول پرقطعی طور پر عمل نہیں کیا جا رہا، مارکیٹ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری ہے جس سے ازدحام کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔
بلدیہ کی ٹیموں نے مارکیٹ کا جائزہ لینے کے بعد خلاف ورزیاں نوٹ کر کے اسے سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ بلدیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جس مارکیٹ یا سپر سٹور میں سماجی فاصلے کے اصول کی خلاف ورزی کی جائے گی انہیں سیل کردیاجائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں