Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کیسز اڑھائی لاکھ

ملک میں کورونا وائرس کے ایک  ہزار 837 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دو لاکھ 51 ہزار 625 ہو گئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا کے 2 ہزار 769 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 69 اموت ہوئی ہیں۔ ان میں سے 62 ہلاکتیں ہسپتالوں میں ہوئی ہیں۔ اس طرح ملک میں وائرس سے مرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار 266 ہو گئی ہے۔
پیر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 84 ہزار 442 ایکٹو کیسز ہیں جبکہ ایک  ہزار 837 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ 
پاکستان میں اب تک ایک لاکھ 61 ہزار 917 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 15 لاکھ 85 ہزار 170 ٹیسٹ کیے چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 532 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گلگت بلتستان، بلوچستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص 1825 وینٹی لیٹرز میں سے 341 زیر استعمال ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں ہیں۔ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 533 ہو گئی ہے جبکہ ایک ہزار 795 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
پنجاب میں 2 ہزار 13 اموات ہوئی ہیں اور یہ تعداد کسی بھی دوسرے صوبے یا علاقے سے زیادہ ہے جبکہ وبا کے مریضوں کی تعداد 87 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

پاکستان میں اب تک ایک لاکھ 61 ہزار 917 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا کے 30 ہزار 486 مریض موجود ہیں جبکہ ایک ہزار 99 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 14 ہزار 108 مریضوں کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ 153 اموات ہوئی ہیں۔
بلوچستان میں 11 ہزار 185 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 126 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
گلگت بلتستان میں 1671 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ 36 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1599 ہوچکی ہے جبکہ علاقے میں 44 اموات ہوئی ہیں۔

اسد عمر کے مطابق مویشی منڈیاں شہر سے باہر قائم کی جائیں گی (فوٹو: عرب نیوز)

منڈیوں کے اوقات صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک ہوں گے

 وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے لیے مویشی منڈیاں شہروں سے باہر قائم کی جائیں گی، شہروں کے اندر کسی مویشی منڈی کی اجازت نہیں ہے۔ صحت کے پروٹوکول اور رہنما اصولوں پر عمل کرنے کے لیے منڈیوں کی ترتیب کو سب کے ساتھ شیئر کرنا چاہیے۔
 'منڈیوں میں داخل ہونے والے افراد کی سکریننگ کی جائے۔ ماسک کے استعمال اور سماجی دوری کے اصول کو مدںظر رکھا جائے۔مویشی منڈیوں کی تعداد بڑھائی جائے جبکہ ان کے حجم کو چھوٹا رکھا جائے۔ عیدالفطر کے منصوبے کے مطابق ہی عیدالاضحیٰ کی نمازیں پڑھائی جائے۔

شیئر: