کورونا وائرس کے 2.25 ملین سے زیادہ لیباریٹری ٹیسٹ کرلیے گئے۔(فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں ’تاکد‘ پروگرام کے تحت کورونا وائرس ٹیسٹ کا تیسرا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے۔
تیسرے مرحلے میں جگہ جگہ سپیشلسٹ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ جہاں گاڑی میں بیٹھے بیٹھے ٹیسٹ کے لیے نمونہ دیا جاسکتا ہے اور پھر اس کی رپورٹ فراہم کردی جاتی ہے۔
علاوہ ازیں ابتدائی طبی نگہداشت کے ہیلتھ سینٹر میں بھی کورونا ٹیسٹ کی سہولت دی جارہی ہے جبکہ سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ’صحتی‘ ایپ کے ذریعے ٹائم لےکر ٹیسٹ نمونے فراہم کرنے کا موقع مہیا کیا جارہا ہے۔
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ مملکت بھر میں نئے کورونا وائرس کے 2.25 ملین سے زیادہ لیباریٹری ٹیسٹ کرلیے گئے۔ کورونا وائرس کے پہلے مریض کے ریکارڈ پر آنے کے بعد سے لے کر اب تک سارے ٹیسٹ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کیے گئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی عرب پہلے ملکوں میں سے ایک ہے جہاں کورونا وائرس کے لیباریٹری ٹیسٹ کے انتظامات ہیں۔ سعودی حکومت نے متعدی امراض سے بچاؤ اور انسداد کے قومی مرکز کے ماتحت نیشنل لیباریٹری سمیت متعدد لیباریٹریوں اور یونٹس کی مدد سے کورونا وائرس سے متاثرین کے ٹیسٹ لیے۔ یہ اس حوالے سے عمدہ اور معیاری سروس رہی-
وزارت صحت نے اس حوالےسے مزید بتایا کہ مملکت میں نئے کورونا وائرس کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ کی شرح جانچنے کے لیے وسیع البنیاد کورونا ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ مکمل کرلیا گیا۔
یہ کام مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی و حفاظت کی خاطر انجام دیا گیا ہے۔ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے ہیلتھ سینٹرز کے ذریعے ’موعد‘ اپیلی کیشن کے ذریعے ٹیسٹ کرائے ہیں۔
وزارت صحت نے بیان میں مزید کہا کہ مختلف علاقوں میں 239 کلینکس ایسے شہریوں اور غیرملکیوں کے لیے ہیں جو درجہ حرارت بڑھ جانے یا تنفس کے عارضے میں مبتلا ہونے اطمینان کرنے کے لیے ٹیسٹ کی خواہش رکھتے تھے۔
مملکت میں’تطمن‘ کے عنوان سے کلینکس قائم ہیں۔ پیشگی ٹائم لے کر کوئی بھی شہری یا مقیم غیرملکی کورونا ٹیسٹ کراسکتا ہے۔