Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ کورونا واقعی خوفناک ہے‘ سعودی صحافی کی آپ بیتی

علی فقندش مورخ اور تنقید نگار ہیں- فوٹو المرصد
 سعودی عرب کے معروف صحافی ’علی فقندش‘ نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد اپنی آپ بیتی بیان کی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق علی فقندش نے بتایا کہ ’مجھ سے پہلے میرا سگا بھائی (سیف) جو دو برس چھوٹا تھا کورونا وائرس سے متاثر ہوکر ہسپتال میں داخل ہوا تھا۔ میں اس سے فون پر رابطے میں تھا۔ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کیے جانے پر رابطہ منقطع ہوگیا۔ بھائی کے پھیپھڑے میں تکلیف تھی جس سے ان کی صحت بگڑتی چلی جا رہی تھی اور وہ وائرس کا مقابلہ کرنے کی طاقت کھوتے جا رہے تھے‘۔

فقندش نے بتایا کہ پہلے ان کا بھائی سیف کورونا میں مبتلا ہوا (فوٹو: العربیہ نیٹ)

فقندش نے بتایا کہ ’21 دن ہسپتال میں گزارے- کچھ دن جنرل وارڈ اور کچھ روز انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رہا- ابتدا کھانسی، درجہ حرارت بڑھ جانے اور سانس میں مشکل سے ہوئی تھی۔ ٹیسٹ کے دس گھنٹے بعد رزلٹ پازیٹیو آیا اور درجہ حرارت بڑھتا چلا گیا۔ صحت گرنے لگی۔ جسمانی اعضا کا کنٹرول ڈھیلا پڑنے لگا۔ مسلسل نیند آنے لگی۔ میں یہ تک بھول گیا کہ آج دن کیا ہے اور تاریخ کیا ہے۔ کبھی مکمل بے ہوش ہوجاتا۔
فقندش کا کہنا تھا کہ’ اللہ کے فضل و کرم سے مجھے اس مرض سے چھٹکارا مل گیا۔ کورونا وائرس کا مرض واقعی خوفناک ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے انتہائی احتیاط واجب ہے۔ یہ کسی بھی لمحے کسی بھی انسان پر حملہ آور ہوسکتا ہے میرا تجربہ بڑا صبر آزما رہا‘۔
 قبل ازیں سعودی صحافی نے ہسپتال سے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ’ میں ہسپتال میں ہوں کورونا ٹیسٹ کے نتیجے کا منتظر ہوں- دراصل دو کورونا کے مریضوں سے ملنے جلنے کی وجہ سے  خود کورونا کی لپیٹ میں آگیا‘۔
علی فقندش مورخ اور تنقید نگار ہیں۔ عکاظ اخبار میں فنون کے سیکشن کے سربراہ ہیں۔ مختلف عرب ملکوں کے فن کاروں کے سینکڑوں انٹرویوز کر چکے ہیں۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: