Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی ’محفوظ‘ ویکسین تیار کر لی: روس

روس کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا چوتھا بڑا ملک ہے۔ فوٹو اے ایف پی
روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ’محفوظ‘ ویکسین کلینکل ٹرائلز کے بعد تیار کر لی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی’ کے مطابق روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق ویکسین کے تحقیقاتی تجربے میں 18 رضا کاروں نے حصہ لیا تھا جو بغیر کسی پیچیدگیوں کے ڈسچارج کر دیے گئے تھے۔
وزارت دفاع نے مزید کہا کہ 'ان رضاکاروں میں کسی پر ویکسین کے منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے، نہ  صحت کے حوالے سے کوئی شکایت آئی، اور نہ ہی کوئی اور  پیچیدگی سامنے آئی ہے۔'
وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کلینیکل ٹرائلز پر مبنی نتائج کی وجہ سے یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ ویکسین مریضوں کے استعمال کے لیے محفوظ ہے۔
اے ایف پی کے مطابق وزارت دفاع نے ویکسین کے مؤثر ہونے کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا، تاہم ویکسین کے ٹرائلز سے منسلک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ جن رضاکاروں پر تحقیقاتی تجربے کیے گئے، وہ کورونا سے محفوظ ہو گئے ہیں۔
’ان کا مدافعتی نظام بہتر کام کر رہا ہے، اینٹی باڈیز بن چکی ہیں، اور اب وہ کورونا وائرس سے محفوظ ہیں۔‘
مئی میں روس کے وزیر دفاع سرگئی شویگو نے صدر ولادمیر پیوٹن کو آگاہ کیا تھا کہ ماسکو کے گامیلیا انسٹی ٹیوٹ میں عسکری محققین دیگر سائنسدانوں کے ساتھ مل کر ویکسین تیار کر رہے ہیں۔

 روس میں کورونا کیسز کے باوجود وکٹری پریڈ منعقد کی گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

تحقیق سے منسلک 18 رضاکاروں کو ویکسین کے ٹرائلز کے دوران ماسکو میں بوردینکو ملٹری ہسپتال میں الگ تھلگ رکھا گیا تھا جن کا روزانہ طبی معائنہ کیا جاتا رہا ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق ویکسین کے تجربے کے 28 دن بعد ان رضاکاروں کے وائٹل سائنز  یعنی نبض کی رفتار، سانس کا نظام، یا بلڈ پریشر  وغیرہ معمول کے مطابق کام کرتے رہے۔
ایک رضاکار نے کلینکل ٹرائلز مکمل ہونے کے بعد ہسپتال سے فارغ ہوتے ہوئے کہا کہ ’اب ہم سو فیصد (کورونا سے) محفوظ ہیں۔’
18 جون کو رضاکاروں کے پہلے گروپ پر ویکسین کا تجربہ کیا گیا تھا جبکہ دوسرے گروپ کو 23 جون کو ویکسین لگائی گئی تھی۔
دوسرے گروپ کی آئسولیشن کی مدت فی الحال مکمل نہیں ہوئی اور وہ  طبی معائنے کی غرض سے ہسپتال میں ہی داخل ہیں۔ 
وزارت دفاع نے امید کا اظہار کیا ہے کہ کلینیکل ٹرائلز جولائی کے آخر تک مکمل ہو جائیں گے۔
روس کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے جہاں متاثرین کی تعداد 7 لاکھ 46 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 12 ہزار اموات واقع ہو چکی ہیں۔

 مختلف ممالک میں کورونا کی ویکسین پر ٹرائلز جاری ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 33 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ مجموعی اموات پانچ لاکھ 79 ہزار سے زیادہ ہیں۔
کورونا وائرس متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد امریکہ میں ہے جہاں اب تک 34 لاکھ سے زیادہ شہری وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جبکہ برازیل کورونا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔

شیئر: