Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اکثر ممالک کی وبا سے نمٹنے کی کوشش غلط‘

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ اکثر ممالک کی کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششیں غلط سمت میں گامزن ہیں۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہیم گیبریاسس نے کئی ممالک کو خبردار کیا کہ وہ کورونا کے حوالے سے غلط سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔  
انہوں نے مزید کہا کہ جس حد تک وہ مستقبل کا اندازہ لگا سکتے ہیں، حالات معمول کے مطابق واپس آنے کے جلد امکانات نہیں ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کو کورونا متاثرین کی روزانہ ملنے والی اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو دو لاکھ 30 ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔ جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ اگر لوگوں نے سماجی فاصلہ، ماسک پہننا اور ہاتھ دھونے کی احتیاطی تدابیر نہ اپنائیں تو وبا کے مزید برے اثرات مرتب ہوں گے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ جن ممالک نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے، وہاں احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کے باعث نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس عوام کا اولین دشمن ہے، لیکن اکثر حکومتوں کے اقدامات اور شہریوں کی سرگرمیاں وائرس کی سنگینی کی عکاسی نہیں کر رہی ہیں۔

 کورونا کے باعث بھوک اور افلاس سے متاثر افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومتوں نے وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کی جامع حکمت عملی نہ اپنائی اور شہریوں نے حفاظتی تدابیر پر نہ عمل کیا تو صورتحال مزید خطرناک ہو جائے گی۔        
علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک سکیورٹی کی سالانہ رپورٹ کے مطابق  کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں بھوک اور افلاس سے متاثرہ افراد میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہر نو میں سے ایک فرد بھوک کا شکار ہے، رواں سال کورونا کی وبا کے باعث مزید 8 کروڑ سے 13 کروڑ 20 لاکھ افراد غذائی قلت سے متاثر ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق 2015 سے ایشیا میں بھوک اور افلاس کا شکار افراد کی تعداد کم ہو کر اسی لاکھ رہ گئی ہے، اس کے باوجود دنیا بھر میں غذائی قلت سے متاثر افراد کی کل تعداد میں سے آدھے سے زیادہ ایشیا میں موجود ہیں۔

برازیل میں اب تک کورونا سے 72 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

دنیا بھر میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 29 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ مجموعی اموات پانچ لاکھ 69 ہزار سے زیادہ ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکی ریاستوں میں 33 لاکھ جبکہ برازیل میں 18 لاکھ 64 ہزار کورونا متاثرین ہیں۔ امریکہ کی 40 سے زائد ریاستوں میں کورونا کا پھیلاؤ جاری ہے۔
اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں گذشتہ کئی روز سے یومیہ 60 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
ملک میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد ہے۔ برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 72 ہزار سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔

شیئر: