Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جڑواں بھائیوں کا خواب پورا ہوا، لوگ قطار میں لگ کر مشروبات خریدنے لگے

قطار کی وجہ سے ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہو گئی (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے شہر بریدہ قصیم میں جڑواں بھائیوں کا مشروبات کا خوانچہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کی وجہ سے اتنا مشہور ہوا کہ ٹریفک رواں رکھنے کے لیے انتظامیہ کو مداخلت کرنا پڑگئی۔
دونوں بھائیوں نے سوشل میڈیا کی ایک معروف شخصیت سے درخواست کی تھی کہ ان کے بارے میں ویڈیو اپ لوڈ کی جائے تا کہ ان کا یہ معمولی کاروبار چل سکے۔
سوشل میڈیا پر مشہور شخص نے ویڈیو بنانے اور اپ لوڈ کرنے کے لیے 30 ہزار ریال طلب کیے جس پر دونوں بھائی مایوس ہو گئے کیونکہ ان کی ہفتہ وار آمدنی 300 ریال سے زیادہ نہیں تھی۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے 30 ہزار ریال طلب کیے گئے (فوٹو: العربیہ)

عربیہ نیٹ کے مطابق بریدہ قصیم میں مقیم 12 سالہ عبداللہ المھوس اور ان کے جڑواں بھائی ابراہیم المھوس نے اپنے والد پر معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے شاہراہ کے کنارے  مشروبات کا سٹال لگا لیا مگرآمدنی میں کسی طرح خاطرخواہ اضافہ نہ ہوسکا۔
دونوں بھائیوں نے سوشل میڈیا کی ایک شخصیت سے رابطہ کرکے ان سے درخواست کی کہ وہ ان کے اس سٹال کے بارے میں ویڈیو بنا کر اپ لوڈ کریں تاکہ لوگوں کو ان کے بارے میں معلوم ہوسکے۔

ابتدا میں لاک ڈاون کے باعث بھائیوں کو کاروبار میں دقت پیش آئی (فوٹو: ٹوئٹر)

سوشل میڈیا پر سرگرم مشہور شخص نے ان سے ویڈیو بنانے کے لیے بھاری رقم طلب کی جس پر وہ مایوس ہو گئے۔
اسی دوران ایک دوسرے شخص سے ان کا رابطہ ہوا جنہوں نے پیسے لیے بغیر ان کی ویڈیو بنائی اور اپ لوڈ کردی۔ سوشل میڈیا پر دونوں بھائیوں کے مشروبات کی ویڈیو اپ لوڈ ہونے کی دیر تھی کہ چند ہی دنوں میں وہاں لوگوں کی آمد شروع ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو اتنی وائرل ہوئی کہ لوگ دور دور سے عبداللہ اور ابراہیم  کے مشروبات پینے کے لیے آنے لگے۔

مشروبات کی ویڈیو سے لوگوں کی آمد شروع ہوگئی (فوٹو: العربیہ)

شاہراہ پر لگنے والی قطار کی وجہ سے ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہوگئی جس پر انتظامیہ کو مداخلت کرنا پڑی۔ شاہراہ پر ٹریفک رواں رکھنے کے لیے پولیس اہلکاروں کو متعین کرنا پڑا جس کے بعد صورت حال قدرے بہتر ہوئی۔
عبداللہ نے ’العربیہ نیٹ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے اپنے بھائی ابراہیم کے ساتھ مل کر یہ کام شروع کیا تھا، ابتدا میں کافی عرصہ لاک ڈاون رہا۔‘
’اب جب کہ حالات معمول پر آنے لگے ہیں ہم بھائیوں نے مل کر تمام ایس او پیز کے مطابق مشروبات کا  سٹال لگایا ہے تاکہ ہم تجارت کو اختیار کرتے ہوئے اپنا مستقبل محفوظ کرسکیں‘۔
دونوں بھائیوں کا کہنا تھا کہ ’ہم نے معمولی خوانچے سے کام کا آغاز کیا تھا مگر سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے سے کاروبار میں اضافہ ہوا۔ ’اب ہمارا منصوبہ ہے کہ فوڈ ٹرک یا کوئی دکان کرائے پر حاصل کرکے اپنے اس کاروبار کو وسعت دی جائے۔‘

شیئر: