Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمارٹ گاڑیوں سے خوانچہ فروشوں کی نگرانی

 خوانچہ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہمیشہ جاری رہتا ہے (فوٹو: الاحساء نیوز)
الاحساء ریجن کی بلدیہ نے شہر کی مجموعی صورتحال کو بہتربنانے کے لیے سعودی عرب کی سطح پر پہلی بار جدید ترین سسٹم سے لیس گاڑیاں حاصل کر لی ہیں۔
اپنی نوعیت کی پہلی گاڑیوں میں انتہائی حساس کیمرے اور جی پی ایس سسٹم نصب ہے جو شاہراہوں کی پینوراما تصاویر بنانے کی اہلیت کی حامل ہیں۔
مقامی نیوز چینل العربیہ نے الاحساء ریجن کی بلدیہ کی جانب سے سمارٹ گاڑی کے ذریعے صفائی مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'سمارٹ گاڑی کے ذریعے شہر کی مصروف شاہراہوں اور محلوں کی خراب صورتحال کو بہتر بنانے کی کارروائی موثر ثابت ہو گی۔'
سمارٹ گاڑ ی کا رابطہ براہ راست بلدیہ کے کنٹرول روم سے ہو گا۔ گاڑی کی چھت پر نصب انتہائی حساس کیمروں کی مدد سے علاقوں کی وڈیو براہ راست کنٹرول روم کو ارسا ل کی جائے گی جہاں موجود افراد وڈیو کا مشاہدہ کرکے فوری ایکشن ٹیم کو متاثرہ مقام پر روانہ کرتے ہیں۔
دریں اثناء المدینہ اخبار نے الاحساء ریجن کی بلدیہ کے حوالے سے لکھا ہے کہ بلدیہ کو حاصل ہونے والی سمارٹ کار اپنی نوعیت کی پہلی گاڑی ہے جس کے ذریعے نہ صرف علاقوں کا سروے کیا جاتاہے بلکہ متاثرہ مقامات کی مرمت کا کام بھی فوری طور پر مکمل کیا جاتا ہے۔

اسمارٹ گاڑی میں انتہائی حساس کیمرے نصب ہیں ۔ فوٹو ، العربیہ نیوز چینل

اخبار کا کہنا ہے کہ سمارٹ گاڑی کا براہ راست رابطہ بلدیہ کے کنٹرول روم ہوتا ہے جہاں موجود عملہ رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے فوری احکامات جاری کرتا ہے۔
بلدیہ کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ سمارٹ گاڑی سے وقت کی بچت ہو گی کیونکہ اس میں نصب حساس کیمرے ان مقامات کی براہ راست وڈیو کنٹرول روم کو ارسال کر تے ہیں۔ 
سمارٹ گاڑی کے ذریعے جہاں خراب سڑکوں اور گلیوں کے بارے میں بلدیہ کے مرکزی کنٹرول روم کو مطلع کیاجائیگا وہاں غیرقانونی طور پر خوانچہ فروشوں کے بارے میں بھی کنٹرول روم کو فوری اطلاع مل جائے گی۔
واضح رہے بلدیہ کے قانون کے مطابق مملکت میں خوانچہ لگا کر اشیائے خورونوش یا دیگر سامان فروخت کرنے پر پابندی عائد ہے ۔ خوانچہ فروشوں کے خلاف بلدیہ کی جانب سے کارروائیوں کا عمل مسلسل جاری رہتا ہے ۔ مذکورہ گاڑی کے ذریعے اب ان خلاف ورزیوں کے بارے میں فوری طور پر بلدیہ کے کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوجائے گی۔ 
              
 

شیئر: