مقامی ثقافتی شوز بھی میلے میں پیش کیے گئے(فوٹو، سبق نیوز)
رجال المع کمشنری کی بلدیہ نے مقامی افراد اور ’شہد کی مکھیوں کی پرورش کرنے والی انجمن ‘ کے تعاون سے شہد میلے کا انعقاد کیا جو علاقے میں غیر معمولی طور پر مقبول ہو رہا ہے۔
میلے میں جہاں شہد کے مختلف اسٹالز لگائے گئے وہاں علاقے کی ثقافت پیش کرتے ہوئے آنے والوں کےلیے ’لوک رقص‘ کا بھی اہتمام کیا گیا۔
مقامی ویب نیوز’سبق ‘ نے بلدیہ کی جانب سے منعقدہ میلے کے حوالے سے کہا ہے کہ کمشنری میں ہر برس شہد میلہ منعقد کیاجاتا ہے تاہم امسال کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کی گئی ۔
میلے میں انواع و اقسام کے شہد کے متعدد اسٹالز شہد کی مکھیوں کی پرورش کرنےوالی انجمن کے تعاون سے لگائے گئے تھے۔ اسٹالز پر موجود اہلکاروں نے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے ایس اوپیز پرعمل کرتے ہوئے وہاں آنے والوں کو شہد کی افادیت اور مکھیوں کے پالنے کے طریقوں کے بارے میں بھی آگاہ کرتے رہے۔
انتظامیہ کی جانب سے علاقائی ثقافت کو اجاگر کرنے کےلیے خصوصی اہتمام کیا گیا اس ضمن میں متعدد ثقافتی شوززائرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
واضح رہے رجال المع کا علاقہ سرسبز و شاداب وادیوں میں گھرا ہے جو عسیر ریجن کے مغرب میں واقع ہے ۔ یہ علاقہ ابھا شہر سے 45 کلو میٹر دور ہے۔ علاقے کی آبادی 66 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔
رجال المع کا علاقہ سیاحوں کے لیے غیر معمولی دلچسپی کا باعث ہے یہاں آج بھی قدیم مکانات بڑی تعداد میں موجود ہیں جبکہ پہاڑوں پر بنائے ہوئے علاقے کی تہذیب وثقافت کی عکاسی کرتے ہیں