معذور افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والوں کے خلاف کارروائی
ہفتہ 18 جولائی 2020 10:13
’تھوڑی دیر کے لیے مخصوص پارکنگ میں گاڑی روکنے پر جرمانہ ہوسکتا ہے‘ ( فوٹو: عاجل)
محکمہ ٹریفک نے معذور افراد کے لیے مخصوص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں کارروائی کا آغاز کر لیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ’کارروائی کے آغاز میں ہی 2231 خلاف ورزیاں پکڑی گئی ہیں‘۔
’ان خلاف ورزیوں کا تعلق شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے ہے جنہوں نے اپنی گاڑیاں معذور افراد کے لیے مخصوص پارکنگ میں کھڑی کردی تھیں‘۔
’ٹریفک قوانین کے مطابق معذور افراد کے لیے مخصوص پارکنگ میں صرف معذور افراد ہی گاڑی کھڑی کر سکتےہیں، غیر معذور شخص کا مخصوص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنا خلاف ورزی ہے‘۔
محکمہ ٹریفک نے کہاہے کہ ’اس سے قبل متعدد مرتبہ آگاہی مہم چلائی جاچکی ہے، تمام شاپنگ مالز، بڑی دکانوں اور مارکیٹوں کے مالکان کو معذوروں کے لیے الگ پارکنگ مختص کرنے کی ہدایت کی گئی ہے‘۔
’معذوروں کو فراہم کی جانے والی سہولت سے دیگر افراد فائدہ نہ اٹھائیں، تھوڑی دیر کے لیے مخصوص پارکنگ میں گاڑی روکنے پر جرمانہ ہوسکتا ہے‘۔