Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ادویات کی قیمتوں میں اضافہ: 'سفارشات طلب کی ہیں'

'2018 میں ڈرگ پرائزنگ کنٹرول میں ترمیم کے بعد اب کمپنیوں کو قیمتوں میں اضافے کی وجوہات ثابت کرنا ہوں گی۔' فائل فوٹو: روئٹرز
پاکستان فارماسوٹیکل مینوفکچررز نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارشات ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو ارسال کر دی ہیں۔ 
وزارت قومی صحت کے حکام کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری نہیں دی فی الحال قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے سفارشات طلب کی ہیں۔ 
پاکستان میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزارت قومی صحت کے ترجمان ساجد شاہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ڈرگ پرائسنگ پالیسی میں ترمیم کرنے کے بعد ادویات ساز کمپنیاں قیمتوں میں من مانا اضافہ نہیں کر سکتیں۔
'ملک میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری نہیں دی بلکہ قانون کے مطابق سفارشات طلب کی ہیں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی، صوبے اور وفاق ان سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد منظوری دی جائے گی۔‘

قیمتوں میں کتنا اضافہ کیا جائے گا؟ 

پاکستان فارماسوٹیکل مینوفکچرنگ ایسوسی ایشن کے چئیرمین میاں محمد ذکاء نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جان بچانے والی ادویات میں سات فیصد جبکہ دیگر ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد تک اضافے کیے جائیں گے۔
'ان قیمتوں میں فوری طور پر اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ ہر سال ڈریپ کو مارکیٹ کے مطابق سفارشات بھیجی جاتی ہیں اور ڈرگ پرائسنگ کمیٹی ان کا جائزہ لینے کے بعد منظوری دیتی ہے۔‘ 
میاں محمد ذکاء کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں اضافہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ستمبر کے آخر میں کیا جائے گا۔ 

'ادویہ ساز کمپنیوں کی سفارشات کا جائزہ مارکیٹ پر پڑنے والے اثر کے مطابق لیا جاتا ہے۔' فائل فوٹو: روئٹرز

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا تاہم جو کمپنیاں قیمتوں میں اضافہ نہیں کرنا چاہتیں وہ ان کا صوابدیدی اختیار ہے اور کئی کمپنیاں ایسی بھی ہیں جو کہ قیمتوں میں معمولی اضافے کو نظر انداز کر دیتی ہیں۔
وزارت قومی صحت کے ترجمان کے مطابق ادویہ ساز کمپنیوں کی سفارشات کا جائزہ مارکیٹ پر پڑنے والے اثرات کے مطابق لیا جاتا ہے۔
'خام مال کی قیمتوں میں اضافہ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی کی شرح میں اضافہ وہ وجوہات ہیں جن کی وجہ سے کمپنیاں قیمتوں میں اضافے کی سفارش کرتی ہیں لیکن 2018 میں ڈرگ پرائسنگ کنٹرول میں ترمیم کے بعد اب کمپنیوں کو قیمتوں میں اضافے کی وجوہات ثابت کرنا ہوں گی اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ تمام ادویات کی قیمتوں میں ہی اضافہ ہوگا۔'

شیئر: