امارات کا مریخ مشن لانچنگ کے لیے تیار
اتوار 19 جولائی 2020 19:44
اماراتی طیارہ کم از کم دو سال تک مریخ پر رہے گا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
عرب دنیا کا پہلا خلائی مشن ایک جاپانی راکٹ میں پیر کو مریخ کے لیے روانگی کے لیے تیار ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق متعلقہ افسران کا کہنا ہے کہ مریخ پر بھیجے جانے والا یہ جہاز جسے امل یا ہوپ کا نام دیا گیا ہے کو پہلے بدھ کے لیے تیار کرنا تھا تاہم خطے میں موسم کی صورتحال کے پیشِ نظر منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔
راکٹ فراہم کرنے والی جاپانی کمپنی متسوبشی ہیوی انڈسٹری نے اتوار کو اعلان کیا کہ اب یہ خلائی جہاز پیر کی صبح اڑان بھرے گا۔
متسوبشی کا کہنا تھا کہ اس کی تیاری مکمل کی جا چکی ہے اور راکٹ کو لانچ پیڈ پر رکھ دیا گیا ہے۔
ہوپ نام کے اس آربٹر کے فروری 2021 تک مریخ پہنچنے کے امکانات ہیں۔ 2021 میں متحدہ عرب امارات کے قیام کو 50 سال مکمل ہوجائیں گے۔
ہوپ کے مریخ تک کے سفر کی کامیابی امارات کے لیے ایک بڑا قدم ہوگا کیونکہ امارات مستقبل میں خلا میں کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
مریخ تک کے دو اور مشن امریکہ اور چین کی جانب سے متوقع ہیں، جبکہ جاپان کے اپنے چاند تک کے مشن کے لیے 2024 کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ہوپ مریخ پر موسمیاتی تبدیلیاں دیکھنے کے لیے آلات لے کر جائے گا۔
یہ طیارہ کم از کم دو سال تک مریخ پر رہے گا۔ امارات پہلی بار اس خلائی جہاز کا الگ الگ موسم میں نظارہ بھی کروائے گا۔
خلا میں امارات نے حال ہی میں قدم رکھا ہے اور اب تک تین ثانوی سیارے لانچ کیے ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی کرہ ارض کے مدار سے باہر نہیں نکلا ہے۔
امارات کے مریخ مشن کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اومران شرف نے اتوار کو ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ یہ مشن عرب نوجوانوں کے لیے ایک امید ہے۔