ساری قسطیں یکمشت ادا کرنے والوں کو رعایت ملے گی( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں پرائیویٹ اور انٹرنیشنل سکولوں نے نیا تعلیمی سال شروع ہونے سے پہلے فیسوں میں پانچ فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔
یہ سہولت ان طلبہ اور طالبات کے سرپرستوں کو دی جائے گی جوتعلیمی سال کی ساری قسطیں یکمشت ادا کریں گے۔
الوطن اخبار کے مطابق وزارت تعلیم نے بتایا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے دوران 1942 پرائیویٹ اور انٹرنیشنل سکول 20644 اساتذہ کے توسط سے 2 لاکھ 75 ہزار 756 طلبہ کو تعلیمی سہولت فراہم کریں گے۔
سکولوں نے فیس میں پانچ فیصد کی مشروط رعایت ایسے وقت میں کیا ہے جبکہ وزارت تعلیم نے سکولوں میں سرمایہ لگانے والوں کے لیے سپیشلسٹ ادارہ قائم کردیا ہے جس سے سکول کھولنے والوں کو مختلف اداروں کے چکر لگانے نہیں پڑیں گے بلکہ صرف ایک ادارے کے ذریعے انہیں لائسنس وغیرہ سب مل جایا کرے گا۔
وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل اور غیرملکی سکولوں کے لیے جو ادارہ وزارت تعلیم کے تحت قائم کیا گیا ہے وہ انٹرنیشنل اورغیرملکی سکولوں نیز کلچرل سینٹرز، لینگویجز سینٹر اور انسٹی ٹیوٹس کو مقررہ شرائط پوری کرنے پر لائسنس جاری کرے گا-
یاد رہے کہ سعودی عرب میں انٹرنیشنل اورغیرملکی سکولوں کے لیے 15 امدادی فنڈ قائم ہیں۔ بارہ نئے سکولوں کے ٹینڈر جاری ہونے والے ہیں۔