بلدیہ کی جانب سے تفتیشی کارروائیاں سخت کر دی گئی ہیں (فوٹو سبق)
مکہ مکرمہ میں بلدیہ کی ٹیموں نےغیر معیاری مرغی کی سپلائی ناکام بنا دی ہے۔ زائد المیعاد مرغی کے گوشت سے بھرے ہوئے ٹرک کو آف لوڈ کر کے گوشت کو تلف کردیا گیا ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق مکہ مکرمہ کی ریجنل بلدیہ کے ڈائریکٹر انجینئر حمد قدح نے بتایا کہ بلدیہ کی مخصوص تفتیشی ٹیمیں، جو شہر کے ہوٹلوں اور اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں میں سپلائی کی جانے والی اشیا کی نگرانی کرتی ہیں، نے ایک ٹرک میں لوڈ کیے جانے والے سامان کی تلاشی لی تو وہاں بڑی تعداد میں فریز کی ہوئی مرغی کے سینکڑوں کارٹن رکھے ہوئے تھے۔
ریجنل ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ٹرک عام استعمال کے لیے تھا جس میں فروزن اشیا سپلائی نہیں کی جا سکتیں۔ اہلکاروں نے کارٹن کھول کر معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ تمام مرغیاں مردہ تھیں۔ مزید یہ کہ گرمی میں رکھے جانے کی وجہ سے وہ انسانی استعمال کے قابل بھی نہیں رہی تھیں۔
تفتیشی ٹیم نے ٹرک پر لوڈ کیا گیا مرغی کا 16 سو کلوگرام گوشت تلف کرنے والے ادارے کو ارسال کردیا، جبکہ ڈرائیورکے خلاف چالان کاٹ کر اسے متعلقہ ادارے کے سپرد کردیا گیا جہاں اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بلدیہ کی جانب سے تفتیشی کارروائیاں مزید سخت کردی گئی ہیں تاکہ کورونا کی وبا پر قابو پایا جا سکے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ انسانوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔