Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی سفیر کی اہلیہ کے ہمراہ ’العلا‘ کی سیر

انہوں نے خصوصی طور پر ’جبل الفیل‘ کے پاس تصویر بنوائی۔ (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں متعین چین کے سفیر چن وی چنگ نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ’العلا‘ کے تاریخی مقام کی سیر کی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے خصوصی طور پر ’جبل الفیل‘ (ہاتھی والی پہاڑی) کے پاس تصویر بنوانے کے بعد اسے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر اپ لوڈ کرتے ہوئے چین میں اس پہاڑی سے مشابہ ایک اور تصویر شیئر کرتے ہوئے دونوں میں یکسانیت کی جانب توجہ دلائی۔ 
ویب نیوز اخبار 24 نے چینی سفیر کی ٹویٹ کے حوالے سے لکھا ہے کہ العلا نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے بھی غیر معمولی دلچسپی کا حامل ہے۔ 

چین میں ایک پہاڑی سے جبل الفیل سے مشابہ ہے۔ (فوٹو: اخبار24)

یہاں قدیم تہذیب و ثقافت کے آثار آج بھی موجود ہیں جنہیں لوگ دلچسپی سے دیکھنے آتے ہیں۔ چینی سفیر نے گذشتہ دنوں اپنی اہلیہ کے ہمراہ العلا کی سیر کے موقع پر ہاتھی والی پہاڑی کی تصویر کے ساتھ جو دوسری تصویر شیئر کی وہ چین میں ایک آبی پہاڑی کی ہے جو العلا کی  پہاڑی سے مشابہت رکھتی ہے۔ 
دونوں پہاڑیاں قدرتی طور پر ایسے کٹاو کی حامل ہیں کہ انہیں دیکھنے میں یہی گمان ہوتا ہے کہ دیو قامت ہاتھی کھڑا ہے۔
چین کے شہر ’گویلین‘ میں ہاتھی والی پہاڑی ایک آبی گزرگاہ کے ساتھ واقع ہے جسے دیکھ کربھی دیو قامت ہاتھی کا گمان ہوتا ہے۔ العلا کمشنری سے سات کلو میٹر صحرا میں یہ قدرتی شاہکار بھی ہاتھی کی شبیہ دیتا ہے۔ 

شیئر: