Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایگزٹ ری انٹری میں خصوصی رعایت کے تحت توسیع کب؟

خروج وعودہ کی مدت میں تین ماہ کی توسیع خود کارطریقے سے کردی جائے گی۔(فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں تاحال کورونا وائرس کی وجہ سے  بین الاقوامی پروازیں بحال نہیں ہو سکیں۔ وہ تارکین وطن جو چھٹی پرگئے تھے ان کے خروج وعودہ اور اقامہ کی مدت میں خصوصی طور پر تین ماہ کی توسیع کے احکامات صادر ہوچکے ہیں۔
شاہی احکامات کے مطابق مملکت سے باہر گئے ہوئے تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع مرحلہ وار کی جا رہی ہے۔
قارئین اردو نیوز کی جانب سے اسی موضوع پر سوالات ارسال کیے جا رہے ہیں۔
 ایک قاری نے دریافت کیا ہے کہ میں چھٹی پر گیا ہوا ہوں۔ اقامہ ابھی باقی ہے۔ چھٹی ختم ہوئے تین ماہ ہو گئے واپسی کیسے ہو گی؟ 
جواب ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازیں تاحال بحال نہیں ہو ئیں اور نہ اس بارے میں کوئی حتمی تاریخ دی گئی ہے۔  
متعلقہ ادارے اس بارے میں حالات کا جائزہ لے رہے ہیں جیسے ہی فلائٹوں کی بحالی کے بارے میں اطلاع موصول ہوگی فوری طور پر اردونیوز میں شائع کردی جائے گی۔
جہاں تک آپ کا مسئلہ ہے تو اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ بہت سے لوگ ہیں جو چھٹی پر گئے ہوئے ہیں کیونکہ پروازیں ابھی بحال نہیں ہوئی اس لیے واپسی اسی وقت ہوگی جب پروازیں بحال ہوں گی۔
جہاں تک آپ کے خروج وعودہ کا معاملہ ہے تو سعودی حکومت کی جانب سے اس بارے میں کہا گیا ہے کہ جو تارکین وطن اپنے ملک گئے ہوئے ہیں ان کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں تین ماہ کی توسیع خود کار انداز میں کردی جائے گی۔

مارچ کے آخری ہفتے سے پروازیں بند کردی گئی تھیں(فوٹو ایس پی اے)

اس حوالے سے مرحلہ وار کام جاری ہے آپ کا خروج و عودہ ویزا بھی اسی زمرے میں آتا ہے۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ  نے بیرون ملک گئے ہوئے تارکین کے اایکسپائر اقاموں کی تین ماہ کے لیے مفت توسیع کردی ہے۔ جلد خروج و عودہ کی بھی خودکار توسیع متوقع ہے۔
جوں ہی پروازیں کھلیں گی خروج وعودہ خود کار طور پر بڑھا دیا جائے گا جس کے بعد آپ آسانی سے مملکت آسکتے ہیں۔
ایک اور قاری کی جانب سے پوچھا گیا ہے سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے بھی خصوصی رعایت کے تحت بڑھائے جائیں گے یا نہیں ؟ 
جواب۔ موجودہ رعایت ان غیر ملکیوں کے لیے جو بیرون مملکت خروج وعودہ پر گئے ہوئے ہیں کیونکہ مارچ کے آخری ہفتے سے پروازیں بند کردی گئی تھیں جو تاحال بند ہیں جس کی وجہ سے وہ غیر ملکی جو چھٹی پرگئے ہوئے تھے وہ واپس نہیں آسکے۔ 

اقاموں کی تجدید خود کار طریقے سے 3 ماہ کے لیے  ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

موجودہ رعایت ان ہی تارکین کےلیے ہے۔ مملکت میں رہنے والوں کے اقاموں میں تین ماہ کی توسیع گزشتہ رعایت میں کی جاچکی ہے اس لیے اس بار یہ رعایت صرف بیرون مملکت رہنے والوں کے لیے ہی ہے۔ 
 ایک اور قاری نے سوال کیا ہے وزٹ ویزے والوں کے بارے میں کیا اپ ڈیٹ ہے؟ 
جواب ۔ کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے تمام پروازیں بند ہیں اس لیے وہ افراد جنہوں نے ویزے استعمال نہیں کیے ان کے ویزے کارآمد رہیں گے۔ پروازیں کھلنے کے بعد ان کے بارے میں حکام کی جانب سے اطلاع دی جائے گی تاہم ابھی صرف ان لوگوں کا مسئلہ ہے جو خروج وعودہ یعنی ایگزٹ ری انٹری پر اپنے ملک گئے ہوئے ہیں  ان کے ویزے اور اقاموں کی تجدید خود کار طریقے سے تین ماہ کے لیے کی گئی ہے۔

شیئر: