بیرون ملک سے لوگوں کی آمد کا سلسلہ ابھی بحال نہیں ہوا(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے بیرون ملک سے لوگوں کی آمد کا سلسلہ ابھی تک بحال نہیں ہوا جبکہ ملک میں موجود غیر ملکیوں کی ان کی مرضی سے مرحلہ وار خصوصی پروازوں کے ذریعے واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی عرب میں اقامہ قوانین کے حوالے سے قارئین سوالات ارسال کررہے ہیں بعض اہم سوالات کا معاملے کی نوعیت دیکھتے ہوئے فوری جواب دیا جا رہا ہے۔
احمد خان کہتے ہیں ’میرا اقامہ گم ہو گیا ہے کیا دوسرا اقامہ حاصل کرنے کے لیے جرمانہ ادا کرنا ہوگا؟
جواب ۔ سعودی عرب میں رہائشی پرمٹ کے لیے اقامہ جاری کیا جاتا ہے جو اس امر کا ثبوت ہے کہ آپ قانونی طور پر مملکت میں مقیم ہیں۔ اقامہ وہ دستاویز ہے جسے گھر سے باہر جاتے وقت ساتھ رکھنا چاہیے کیونکہ بعض اوقات چیکنگ کے دوران تفتیشی اہلکار اقامہ طلب کرتے ہیں۔ْ
اگر آپ کے پاس اقامہ نہیں ہو گا تو قانونی خلاف ورزی درج کرتے ہوئے ڈیپوٹیشن سینٹر بھیج دیا جاتا ہے علاوہ ازیں اقامہ نہ ہونے پر جرمانہ بھی کیا جاتا ہے۔
آپ نے اقامہ کی گمشدگی کے حوالے سے دریافت کیا ہے تو اس حوالے سے محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ اقامہ گم ہونے پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے تاہم ضروری ہے کہ اقامہ گم ہونے کے 24 گھنٹے کے اندررپورٹ درج کرائی جائے۔
عبداللہ قریشی نے سوال کیا ہے کہ’میں نے والدہ کو وزٹ ویزے پر بلایا اس کے بعد حالات کورونا کی وجہ سے خراب ہو گئے۔ دریافت یہ کرنا ہے کہ کیا کوئی ایسا طریقہ ہے کہ والدہ جو وزٹ ویزے پر آئی ہیں مستقل طور پر اپنے ساتھ رکھوں۔ مزید یہ بھی معلوم کرنا ہے کہ اس سلسلے میں ایک ایجنٹ کا کہنا ہے کہ وہ وزٹ ویزے کو اقامے میں تبدیل کراسکتا ہے۔ کیا ایسا ممکن ہے؟'
جواب ۔ قانونی طور پر وزٹ ویزے پر آنے والوں کےلیے اقامہ حاصل کرنا ممکن نہیں کیونکہ امگریشن قوانین میں ایسی کوئی شق نہیں کہ وزٹ ویزے کو اقامہ میں تبدیل کیا جاسکے۔
کورونا کے موجودہ حالات میں جب کہ فضائی سفر پر پابندی عائد ہے اس حوالے سے ایوان شاہی کی جانب سے وزٹ ویزے پر مملکت آنے والوں کے لیے خصوصی رعایت دیتے ہوئے ویزوں کی مدت میں 3 ماہ کی توسیع کرنے کے احکامات صادر کیے گئے ہیں جن پرعمل درآمد مرحلہ وار جاری ہے۔ اس حوالے سے محکمہ پاسپورٹ اور ’ نیشنل انفارمیشن سینٹر‘ کے اشتراک سے وزٹ ویزوں کی مدت میں توسیع کردی جائے گی جس کے لیے کسی قسم کی اضافی فیس بھی نہیں لی جارہی۔
تاہم سعودی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے متعلقہ ادارے حالات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ یومیہ بنیاد پر مختلف محکموں اور وزارتوں سے حاصل ہونے والی رپورٹوں کا جائزہ لینے کے بعد وزارت منصوبہ بندی کو فیڈ بیک دی جاتی ہے جہاں حالات کو دیکھتے ہوئے سفارشات مرتب کرکے متعلقہ ادارے کو ارسال کی جاتی ہیں۔
جہاں تک وزٹ ویزے کو اقامے میں تبدیل کرنے کا سوال ہے تو سب سے پہلے اس بارے میں کسی ایجنٹ کو رقم نہ دیں کیونکہ ایسے متعدد واقعات ہمارے سامنے ہیں جن میں لوگ اپنی رقم سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اس لیے آپ کسی ایجنٹ کے چکر میں نہ پڑیں اگر قسمت میں والدہ کی خدمت کرنا ہے تو اس کا کسی نہ کسی طرح سے بندوبست ممکن ہے۔
اس امر کو بھی ذہن میں رکھیں کہ سعودی عرب میں انسانی حالات کے بے حد اہمیت دی جاتی ہے اس میں سعودی یا غیر ملکی کی تفریق نہیں ہوتی اگر اپ کا معاملہ حقیقت پر مبنی ہے اور والدہ کی دیکھ بھال کرنے والا وہاں کوئی نہیں اور آپ کی ماہانہ آمدنی ایسی ہے کہ آپ والدہ کو بھی اپنے ہمراہ رکھ سکیں تو اس کےلیے ایک ہی طریقہ ہے جس کے ذریعے والدہ کا اقامہ حاصل کیاجاسکتا ہے۔
اقامہ جاری کرنے کا اختیار وزیر داخلہ کو ہوتا ہے۔ اس کےلیے اگر آپ درخواست میں اپنے حقیقی حالات کا ذکر کرتے ہوئے ان سے اپیل کریں کہ والدہ معمر ہیں اور ان کا وہاں کوئی نہیں تو ممکن ہے آپ کی درخواست پرعمل کرتے ہوئے وزیر داخلہ اپنی صوابدید پر والدہ کو اقامہ جاری کرنے کے احکامات جاری کردیں۔