دنیا میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد چھ لاکھ 52 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کے کیسز میں دوبارہ تیزی کے بعد دنیا بھر میں حکومتوں نے کئی ایک پابندیاں دوبارہ لگا دی ہیں جن میں ساحلوں کی بندش سے لے کر قرنطینہ کے اقدامات شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد بھی چھ لاکھ 52 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ جبکہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 39 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 42 لاکھ 86 ہزار 663 ہوگئی ہے۔
امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 679 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 588 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کو روکنے کے لیے یورپی حکومتوں کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ وہ کورونا سے بری طرح متاثر معیشت کو سہارا دینے کے لیے سیاحت کی صنعت کو کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سپین کی سیاحت کی صنعت کو تازہ دھچکا اس وقت لگا جب ایک اہم ٹور آپریٹر نے برطانیہ سے سپین کے لیے فلائٹس منسوخ کیں۔ یہ اقدام برطانیہ کی جانب سے سپین سے واپس آنے والوں کو لازمی قرنطینہ کرنے کے فیصلے کے بعد کیا گیا ہے۔
ادھر ہانگ کانگ میں حکام نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پش نظر پبلک مقامات پر ماسک پہننا لازی قرار دے دیا۔ بیلجیئم نے کورونا کے کیسز میں ’تشویشناک‘ اضافے کے بعد ملک میں سماجی فاصلے کے ضوابط کو مزید سخت کر دیا ہے۔
ادھر واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق امریکی انتظامیہ کے اہم رکن نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر رابرٹ اوبرائن بھی کورونا کے شکار ہوگئے۔
دنیا بھر میں کورونا کے کیسز میں اضافے کے باوجود عالمی ادارہ صحت نے سرحدوں کی مکمل بندش کی مخالفت کی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ایمرجنسیز مائیکل رائن کے مطابق ’ یہ کوئی ضروری اور دنیا کی معیشت، غریبوں اور کسی کے لیے بھی مناسب حکمت عملی نہیں۔‘
ان کے مطابق وبا کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر سب کے لیے ایک ہی حکمت عملی ممکن نہیں کیونکہ کورونا مختلف ممالک میں مختلف سٹیج پر ہے۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ 65 لاکھ نو ہزار 902 ہوگئی ہے۔
برازیل میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 24 لاکھ 42 ہزار 375 ہوگئی ہے جب کہ وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 87 ہزار 613 ہے۔
کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں انڈیا تیسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 14 لاکھ 35 ہزار 453 ہے۔ روس میں کورونا سے اب تک آٹھ لاکھ 16 ہزار 680 افراد متاثر ہوئے ہیں۔