انڈیا میں ماسک نہ پہننے پر بکرا گرفتار
پولیس نے بعد میں کہا کہ وہ بکرے کو نہیں ماسک کے بغیر نظر آنے والے آدمی کو گرفتار کرنا چاہتے تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کے شہر کانپور میں ایک بکرے کے پولیس کی حراست میں لیے جانے کا ایک انوکھا واقع سامنے آیا۔
انڈین نیوز ویب سائٹ ٹائمز ناؤ نیوز کے مطابق کانپور کے علاقے بیکن گنج میں پولیس کو ایک بکرا ماسک کے بغیر نظر آیا جس کی وجہ سے اسے گاڑی میں بیٹھا کر تھانے لے جایا گیا۔
جب بکرے کے مالک کو پتا چلا کہ اس کا جانور تھانے میں ہے وہ فوری وہاں گیا اور حکام سے گزارش کی کہ بکرے کو چھوڑ دیا جائے۔
پولیس نے اس شرط پر بکرے کو رہا کیا کہ اسے سڑک پر ماسک کے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔
کووڈ 19 کے کیسز میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ماسک اور سماجی دوری زندگی کے اہم جُز بنتے جارہے ہیں۔
کئی جگہوں پر حکام نے ان اصولوں کی خلاف ورزی پر سخت سزا بھی لگائے رکھی ہے اور بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان اصولوں کا اطلاق جانوروں پر بھی ہوتا ہے۔
انورگنج پولیس تھانے کے سرکل افسر سیف الدین نے خبر رساں ادارے آئی اے این ایس کو بتایا کہ ’لوگ اب اپنے کتوں کو بھی ماسک پہنا رہے ہیں تو بکرے کو کیوں نہیں۔‘
جیسے ہی یہ بات انٹرنیٹ پر گردش کرنے لگی شہر کی پولیس نے اپنا موقف بدل دیا اور کہا کہ وہ بکرے کو نہیں بلکہ اس شخص کو گرفتار کرنا چاہ رہے تھے جس نے ماسک نہیں پہنا تھا۔