طائف میں چوتھے دن بھی بارش جاری رہی ، شہری دفاع الرٹ رہی ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے علاقوں باحہ اور نجران میں موسلادھار بارش کی اطلاعات ہیں ۔ طائف میں منگل کو چوتھے دن بھی بارش کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بارش کے باعث باحہ کے کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی۔ صبح دس بجے سے شام تک مسلسل بارش ہوتی رہی۔ مختلف مقامات پر ژالہ باری کی بھی اطلاعات ہیں۔
جدہ کے مختلف علاقوں میں منگل کو رات گئے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔اس سے قبل محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کی تھی۔
القری کمشنری میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ حد نظر محدود ہوگئی ہے۔ مقامی شہری اور مقیم غیرملکی دن کے وقت بھی ہیڈلائٹس آن کرکے گاڑیاں چلاتے رہے۔
اخبار 24 کے مطابق منگل کو مکہ ریجن کے تین علاقوں اللیث، بحرہ اور رابغ میں درمیانے درجے کی بارش ہوئی ہے۔
املج، تیما اور تبوک شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کی اطلاعات ملی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق طائف میں حکام نے موسلا دھار بارش سے پیدا ہونے والے خطرات کے حوالے سے الھدا روڈ بند کر دی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق طائف میں شہری دفاع نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ باہر نکلتے وقت محتاط رہیں- گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔
ماہر موسمیات عبداللہ الحربی نے بتایا کہ ان دنوں سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں بارش کا ماحول ہے، ایسا بہت کم ہوتا ہے۔ یہ غیر موسمی بارشیں ہیں۔
الحربی نے کہا کہ عام طور پر جولائی کے آخر میں بارشں بالائی علاقوں اور نشیبی مقامات کے حوالے سے ہوتی ہیں۔ رواں برس سعودی عرب کے تمام علاقوں میں بارش ہو رہی ہے۔ ساحلی مقامات بھی بارش کی زد میں ہیں جبکہ ملک کے وسطی علاقوں میں بھی بارشں ہو رہی ہے۔