Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیرخارجہ کی الجزائر اور تیونس کے صدور سے ملاقاتیں

لیبیا کے بحران اور علاقائی صورتحال پر تبالہ خیال کیا گیا- (فوٹو ٹوئٹر وزارت خارجہ)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان  نےمنگل کو الجزائر اور تیونس کے صدور سے ملاقاتیں کی ہیں ۔لیبیا کے بحران اور علاقائی صورتحال پر تبالہ خیال کیا گیا- 
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے منگل کو الجزائر کے صدر تبون سے المرادیہ محل میں ملاقات کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سعودی عرب، لیبیا کو بچانے والے معاہدے تک رسائی کے لیے الجزائر کے ساتھ یکجہتی کی پابندی کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

دوطرفہ تعلقات ، علاقائی و بین الاقوامی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ( فوٹو ٹوئٹر وزارت خارجہ)

 سعودی وزیر خارجہ نے بتایا کہ علاقائی مسائل پر سعودی عرب اور الجزائر کے موقف میں یگانگت ہے۔ خصوصا فی الوقت خطے کو درپیش چیلنجوں سے متعلق دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے۔ ان میں لیبیا کا بحران سرفہرست ہے- 
سعودی وزیر خارجہ نے بتایا کہ لیبیا کے  معاملے میں الجزائر اور سعودی عرب ایک پیج پر ہیں۔  
انہوں نے کہا  کہ لیبیا کو بیرونی طاقتوں کی مداخلت اور دہشتگردی سے بچانے نیز خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے لیبیا کے برسرپیکار فریقوں کے درمیان پرامن تصفیہ ہی بحران کا حل ہوگا۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ  بحران کے حل تک رسائی میں لیبیا کے پڑوسی ملکوں کا کردار اہم اور کلیدی ہے- 

سعودی وزیر خارجہ کے مطابق لیبیا کے  معاملے میں الجزائر اور سعودی عرب ایک پیج پر ہیں۔  ( فوٹو ٹوئٹر وزارت خارجہ)

شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ سعودی عرب اور الجزائر لیبیا کے بحران پر یکجہتی برقرار رکھیں۔ سعودی عرب ، لیبیا کے تمام پڑوسی ملکوں کے ساتھ مل جل کر بحران کے پرامن تصفیے کا پابند ہے اور اس کے لیے کوشاں ہے۔لیبیا میں امن و استحکام  کی بحالی اور درپیش خطرات سے تحفظ  چاہتے ہیں۔
سعودی وزیرخارجہ نے مملکت اور الجزائر کے دوطرفہ تعلقات ، علاقائی و بین الاقوامی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ 
انہوں نے بتایا کہ الجزائر کے ہم منصب سے مذاکرات میں خطے کو درپیش اہم مسائل، امن و امان کو لاحق بڑے چیلنج، دوطرفہ تعاون اور یکجہتی کے امور زیر بحث آئے۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ الجزائر کا دورہ اس حوالے سے بڑا اچھا رہا کہ  وزیر خارجہ صبری بو قدوم سے ملاقات میں  دو طرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔ مزید پیشرفت اور یکجہتی کے لیے مسلسل کوشاں رہیں گے۔ 

شیئر: