Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ ہولڈرز تارکین کی سعودی عرب واپسی کب؟

ویزوں کی مدت میں بھی توسیع کی جاچکی ہے۔ (فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے تاحال بین الاقوامی پروازوں کی آمد پر پابندی برقرار ہے۔ خصوصی پروازوں کے ذریعے مملکت میں موجود وہ تارکین جو اپنے وطن جانا چاہتے ہیں انہیں روانہ کیا جا رہا ہے تاہم سعودی عرب کے اقامہ ہولڈر افراد کے لیے جو مملکت سے باہر ہیں واپسی کے حوالے سے کسی قسم کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ 
بیرون مملکت موجود تارکین کی جانب سے بیشتر سوالات بین الاقوامی پروازیں کھلنے کے حوالے سے پوچھے جا رہے ہیں۔
محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے شاہی احکامات پرعمل کرتے ہوئے بیرون مملکت موجود تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کی ہے جبکہ وہ غیر ملکی جو وزٹ ویزے پر مملکت میں مقیم ہیں ان کے ویزوں کی مدت میں بھی توسیع کی جا چکی ہے۔ 
کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں کی پابندی کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ تاحال اس بارے میں حمتی فیصلہ نہیں کیا گیا جیسے ہی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے فیصلہ کیا جائے گا اس کے بارے میں سرکاری طور پر اطلاع فراہم کر دی جائے گی۔
اردو نیوز کو اس صورتحال کے بارے میں قارئین کے سوالات موصول ہو رہے ہیں۔ عبداللہ فیصل  نے سوال کیا ہے جدہ میں ایک کمپنی میں ملازم ہوں۔ چھٹی پر رمضان میں پاکستان آیا تھا بعد ازاں فلائٹس پر پابندی کی وجہ سے واپس نہ جا سکا۔ دریافت یہ کرنا ہے کہ حالیہ اقامہ کی مدت میں توسیع کی اطلاع موبائل پر مل گئی ہے۔ کیا جس طرح اقامہ میں 3 ماہ کی توسیع ہوئی ہے۔ اسی طرح خروج وعودہ کی مدت میں بھی خود کار طور پر اضافہ کر دیا جائے گا جس کے بعد کب واپس آ سکتے ہیں؟  
جواب: سعودی عرب میں شاہی احکامات کے تحت جس طرح مملکت سے باہر گئے ہوئے تارکین کے اقاموں کی تجدید کر دی گئی ہے اسی طرح خروج وعودہ کی مدت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ 

بیرون مملکت مقیم افراد پروازوں کی بحالی کے بعد آ سکیں گے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

خروج وعودہ کی مدت میں اضافے کے بعد کوئی بھی اقامہ ہولڈر غیرملکی جو اس وقت بیرون مملکت مقیم ہے وہ پروازوں کی بحالی کے بعد آ سکیں گے۔ ایسے افراد جن کے اقامے تجدید ہوچکے ہیں ان کے خروج وعودہ کی مدت میں بھی خود کار طریقے سے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ خروج وعودہ کی مدت میں توسیع سے متعلق ابشر اکاونٹ پر دیکھا جا سکتا ہے۔
احمد قریشی کا سوال خروج نہائی کے بارے میں ہے وہ دریافت کرتے ہیں، میرے اقامے کی مدت ختم ہونے میں ایک ماہ باقی ہے میں خروج نہائی حاصل کرنا چاہتا ہوں کیا فائنل ایگزٹ ویزا حاصل کرنے کے بعد میں کچھ عرصہ قیام کرنا چاہتا ہوں اس دوران ممکن ہے حالات درست ہو جائیں۔ سوال یہ ہے کہ خروج نہائی حاصل کرنے کے بعد میں کتنا عرصہ مملکت میں قانونی طور پر رہ سکتا ہوں؟ 
جواب: محکمہ پاسپورٹ ’ جوازات ‘ کی جانب سے خروج نہائی ویزے سٹمپ کرنے کے بعد 60 دن کی مہلت ہوتی ہے اس دوران آپ مملکت میں قانونی طور پر قیام کر سکتے ہیں۔ 

خروج نہائی سٹمپ کرنے کے بعد 60 دن کی مہلت ہوتی ہے (فوٹو ایس پی اے)

اگر آپ کے اقامے میں ایک ماہ باقی ہے تو آپ اقامے کی مدت ختم ہونے سے ایک ہفتہ قبل بھی خروج نہائی ویزا لگوا سکتے ہیں۔ اس طرح آپ کے پاس 60 دن ہوں گے اس دوران آپ مملکت میں قانونی طور پر مقیم شمار ہوں گے مدت ختم ہونے سے ایک دن قبل آپ کو جانا ہو گا۔
واضح رہے یہ قانون عام حالات میں ہے موجودہ کورونا حالات اس سے قطعی طور پر مختلف ہیں کیونکہ ایسے تارکین جو مملکت میں ہیں اور انہوں نے خروج نہائی ویزا حاصل کیا ہے مگر وہ حالات کی وجہ سے واپس نہیں جاسکے ان کے لیے حکومت کی جانب سے رعایت دیتے ہوئے ان کے ویزوں کی مدت میں 3 ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔

شیئر: