Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کئی علاقوں میں عید الاضحی کے دوسرے دن بارش

ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے(فوٹو سبق)
سعودی عرب کے کئی علاقوں میں سنیچر کو عید الاضحی کے دوسرے دن بارش کی اطلاعات ہیں اس سے قبل گرد آلود آندھی نے مکہ، مدینہ، حدود شمالیہ، الجوف اور جنوبی تبوک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مکہ ، مدینہ، باحہ، عسیر، جازان، نجران، ریاض کا جنوب مغربی علاقہ، یمن اور سلطنت عمان میں سنیچر کی رات بارش کا قوی امکان ہے۔  
ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے کہا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ نجران، جازان ، عسیر،  باحہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بالائی علاقے گرد آلود ہواؤں کی زد میں آئیں گے۔ آندھی کا سلسلہ ان شہروں کے ساحلی علاقوں تک پھیل جائے گا۔ 

جیزان شہر میں متعدد مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ (فوٹو سبق)

 محکمہ شہری دفاع نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ اضم، طائف ، الفرضیات اور میثان میں گھروں سے انتہائی ضرورت کے تحت ہی باہر نکلیں جہاں بارش ہورہی ہے۔
جازان ریجن میں محکمہ شہری دفاع نے بتایا ہے کہ موسلا دھار بارش سے متعدد مکانات متاثر ہوئے۔ جیزان شہر میں متعدد مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ کئی سڑکیں زیر آب ہیں۔ 
جازان ریجن میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد الغامدی نے بتایا کہ جیزان شہر کے پانچ مکانات، احد المسارحہ کے 29 مکانات، ابوعریش کے دو مکانات، الدرب کے چالیس مکانات میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔ صامطہ کمشنری میں 30 مکانات میں پانی بھر گیا۔

باحہ کی 8 کمشنریاں غیر مستحکم موسم کی زد میں ہیں۔(فوٹو عاجل)

 الطوال اور صامطہ کمشنری میں چھ  گاڑیاں ڈوب گئیں۔ 18 گاڑیاں بارش اور سیلاب سے متاثر ہوئیں۔ باحہ کی 8 کمشنریاں غیر مستحکم موسم کی زد میں ہیں۔
 سبق ویب سائٹ کے مطابق عسیر ریجن میں موسلا دھار بارش ک سے چٹانیں سڑکوں پر آ گر یں جس سے  راستے مسدود ہوگئے۔ چٹانیں ہٹانےاور پانی نکالنے کا کام جاری ہے۔
جازان ریجن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق الدرب کمشنری اور الشقیق تحصیل میں موسلا دھار بارش اور آندھی سے ہائی پاور کھمبےگر گئے۔ 
حج مقامات سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق منی اور مکہ کا مطلع ابر آلود ہے۔ تیز ہوائیں چل رہی ہیں فی گھنٹہ پچاس کلو میٹر تک کی رفتار ریکارڈ کی گئی ہے۔

شیئر: