جدہ ، مکہ مکرمہ سمیت سعودی عرب کے کئی علاقوں میں پہلے گردو غبار کا شدید طوفان آیا اور اس کے بعد بارش ہوئی ہے۔
اخبار 24، سبق اور المرصد کے مطابق جمعہ کو مکہ مکرمہ میں بوندا باندی سے شروعات ہوئی ہے اور پھر درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔
مکہ مکرمہ گورنریٹ نےمسجد الحرام میں بارش کے مناظر کا وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر جاری کیا ہے۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خانہ کعبہ کے اطراف صحن مطاف میں بارش ہورہی ہے۔
جدہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب گردو غبار کا طوفان چھایا رہا۔ نماز جمعہ سے پہلے تک پورے شہر کا مطلع گرد آلود رہا۔ نماز سے قبل شہر کے بیشتر علاقوں میں کہیں بوندا باندی، کہیں درمیانے درجے اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش نے سماں باندھ دیا۔
بارش سے گردو غبار کا طوفان بیٹھ گیا ۔ شہر کے تمام علاقوں اور محلوں میں کھڑی گاڑیو ںپر پڑا ہوا غبار بارش کی بدولت صاف ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو بھی سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس سے قبل حدود شمالیہ، الجوف، حائل، الشرقیہ، القصیم، ریاض، تبوک، مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ، عسیر اور جازان میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔
ریاض میں جمعہ کو گردو غبار کے طوفان نے حد نظر محدود کردی۔ محکمہ شہری دفاع اور صحت حکام کی جانب سے مقامی شہریوں کو بار بار ہدایت کی گئی کہ وہ ضرورت کے تحت ہی گھروںسے نکلیں خاص طور پر تنفس کے مریض اشد ضرورت کے ہی صورت میں ہی گھروں سے باہر آئیں۔
اخبار 24 کے مطابق گردو غبار کے طوفان کے باعث جدہ اسلامی بندرگاہ میں جہاز رانی بند کردی گئی تھی۔
عصر بعد مکہ مکرمہ گورنریٹ نے اعلان کرکے بتایا کہ بوندا باندی کے بعد مطلع صاف ہوگیا اور جہاز رانی بحال کردی گئی۔
مدینہ منورہ سے بھی موسلا دھار بارش کی ا طلاعات ملی ہیں۔