Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کے کیسز میں اضافہ

پاکستان میں کورونا کے تقریباً 2 لاکھ 56 ہزار مریض صحت یاب ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں حکام کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 727 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 21 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ 
جمعرات کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو روز سے کورونا کے نئے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں تقریباً 15 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر تعداد دو لاکھ 58 ہزار 872 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ 
ایک دن میں مزید 21 مریض کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں مرنے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 6 ہزار 35 ہو گئی ہے۔
ملک میں اب تک دو لاکھ 56 ہزارسے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ایکٹیو کیسز کی تعداد کم ہو کر 19 ہزار 770 رہ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 809 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
پاکستان میں اب تک 2 لاکھ 81 ہزار 862 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، جن میں سے 2 لاکھ 56 ہزار 58 صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 35 اموات ہوئی ہیں۔
پاکستان میں کورونا سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئیں جہاں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک دو ہزار 245 اموات ہوئیں۔ پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد دو ہزار 162 رہی جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 215 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 167 جبکہ بلوچستان میں 136 اموات رپورٹ ہوئیں۔
گلگت بلتستان میں 55 اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بھی 55 مریض عالمی وبا کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے گئے۔
ملک بھر کے 735 ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے علاج کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کے لیے ایک ہزار 859 وینٹی لیٹرز مختص کیے گئے ہیں۔

 

شیئر: