Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئر انڈیا کا طیارہ حادثے کا شکار، 18 ہلاک

حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کی جنوبی ریاست کیرالہ کے کوزیکوڈے شہر کے ہوائی اڈے پر دبئی سے آنے والا ایک مسافر بردار طیارہ لینڈ کرتے وقت حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں 18 افراد ہلاک جبکہ 15 شدید زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں دونوں پائلٹ شامل ہیں۔
مقامی پولیس سپرنٹنڈنٹ عبدالکریم نے جمعے کو اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'وہ 17 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر سکتے ہیں جبکہ دیگر 15 مسافروں کی حالت تشویشناک ہے۔'
ایک اور پولیس افسر سجیتھ داس کا کہنا ہے کہ 'ہمارے پاس اس وقت 89 لوگ ہیں، زیادہ تر کو شدید چوٹیں آئی ہیں جنہیں کوزیکوڈے کے مختلف ہسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے۔'
 
حکام کے مطابق اس طیارے میں عملے سمیت 191 افراد سوار تھے جبکہ سرکاری میڈیا آل انڈیا ریڈیو نے کہا ہے کہ اس پر 174 افراد سوار تھے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق طیارے میں 191 افراد سوار تھے۔
 خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق یہ واقعہ شام تقریباً پونے آٹھ بجے کری پور ایئرپورٹ پر ایئر انڈیا کے طیارے ایئر انڈیا ایکسپریس کے ساتھ پیش آیا۔ جہاز میں دس نوزائیدہ بچے بھی سوار تھے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی پولیس نے کہا ہے کہ دبئی کوزیکوڈے ایئر انڈیا فلائٹ(IX-1344) اترتے وقت رن وے پر پھسل گیا۔ ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ اس میں دو پائلٹس سمیت عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔ حکام نے دو میں سے ایک پائلٹ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق 'طیارہ لینڈنگ کے وقت رن وے پر پھسلنے کے بعد 30 فٹ گہری وادی میں جا گرا جس سے اس کے دو ٹکڑے ہو گئے۔'

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کے بعد طیارے کے دو ٹکڑے ہوگئے (فوٹو: ٹوئٹر)

ایک انڈین چینل نے رپورٹ کیا ہے کہ طیارے کے لینڈنگ گیئر کے ساتھ کوئی مسئلہ تھا۔
یہ ایئرپورٹ بلندی پر ہے جیسے کہ کوئی میز ہو۔ اخبار کی ویب سائٹ نے مقامی ایم ایل اے  ٹی وی ابراہیم کے حوالے سے لکھا ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور خوش قسمتی سے پھسلنے کے باوجود طیارے میں آگ نہیں لگی۔
'سنہ 2010 کی طرح ایک بار پھر ایئر انڈیا کا طیارہ جو حادثے کا شکار ہوا ہے وہ دبئی سے آ رہا تھا۔ اس وقت یہ واقعہ صبح کو پیش آیا تھا۔'
ایمرجنسی سروس کے ایک اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم بارش کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔'

ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے بعد طیارے کے دو ٹکڑے ہوگئے (فوٹو: روئٹرز)

پاکستان کا اظہار افسوس

دوسری جانب وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کیرالہ میں جہاز کے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا کہ ’بھارتی ریاست کیرالہ میں ایئر انڈیا کے جہاز کو پیش آنے والے حادثے اور اسکے نتیجے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر نہایت مغموم ہوں۔ رب کریم متاثرہ خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی سکت عطا فرمائیں۔‘
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے طیارے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر اس وقت 'ایئر انڈیا' ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے اور نامور شخصیات اپنی ٹویٹس میں افسوسناک واقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہی ہیں۔

انڈیا کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 'کوئیکوڈ ہوائی اڈے پر طیارے کے حادثے کی افسوسناک خبر پر صدمے میں ہوں۔ میری تمام ہمدردیاں حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔' 

معروف گلوکار عدنان سمیع نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 'کالی کٹ کے ہوائی اڈے پر ایئر انڈیا کے مسافر طیارے کی خراب موسم کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کا سن کر دکھ ہوا۔ طیارے میں سوار تمام لوگوں کی حفاظت کے لیے دعائیں۔'

بالی وڈ اداکارہ دیشا پٹانی نے لکھا کہ ' ایئر انڈیا کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کی خبر سن کر گہرے صدمے میں ہوں۔ طیارے میں سوار پائلٹ، عملے اور تمام مسافروں کے لیے دعاگو ہوں۔ یہ سال بہت خوفناک ہے۔'

تانشکہ کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے حادثے کی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ تصاویر دل توڑ دینے والی ہیں۔ میرا دل مزید اموات دیکھنا نہیں چاہتا۔ عملے اور تمام مسافروں کے لیے دعائیں۔'

توصیف پرو کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے ایک بچی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ بچی جائے حادثہ پر اکیلی ملی ہے جسے کنڈوٹے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔'

 

شیئر: