Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معیشت اور تیل کی طلب میں اضا فے کا جائزہ

وزرائے پٹرولیم کے وڈیو اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب، امارات، کویت، بحرین، سلطنت عمان اور عراق کے وزرائے پٹرولیم نے جمعے کو وڈیو اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا۔
اجلاس میں بین الاقوامی تیل منڈیوں کی تازہ صورتحال، بین الاقوامی معیشت میں مسلسل بہتری اور پٹرول کی طلب میں اضافے کا جائزہ لیا گیا ہے۔  
الوطن اخبار کے مطابق وزرائے پٹرولیم نے مشترکہ بیان جاری کرکے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اوپیک پلس معاہدے کی مکمل پابندی کریں گے۔ 
اوپیک پلس معاہدے میں شامل تمام ممالک مقررہ کوٹے  کی پابندی کرکے ہی بین الاقوامی تیل منڈی میں جلد از جلد توازن لاسکیں گے۔ 
وزرائے پٹرولیم نے مزید کہا کہ ’حالیہ ایام میں بین الاقوامی معیشت میں بہتری کی علامتیں بے حد حوصلہ افزا ہیں۔ بہتری کا سہرا دنیا بھر کے ان تمام ملکوں کے سر جاتا ہے جنہوں نے بند معیشت کے دروازے محفوظ طریقے سے بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے‘۔
وزرائے پٹرولیم نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ جن ملکوں نے مئی، جون اور جولائی میں مقررہ کوٹے سے زیادہ تیل نکالا انہیں آئندہ مہینوں کے دوران اتنی ہی مقدار یں تیل کی پیداوار کم کرنا ہوگی۔ 

مشترکہ بیان میں اوپیک پلس معاہدے کی مکمل پابندی کے عزم کا اظہار کیا گیاہے

سعودی عرب، امارات، کویت ، بحرین اور عمان کے وزرائے پٹرولیم نے تیل منڈی میں توازن پیدا کرنے کے لیے عراقی وزیر پٹرولیم احسان اسماعیل کی کاوشوں کی ستائش کی اور یہ بھی تسلیم کیا کہ اوپیک پلس معاہدے کو کامیاب بنانے میں عراق کا کردار بے حد اہم ہے۔

شیئر: