Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'باجا بجانے والوں کے سوا سب کو جشن آزادی مبارک'

سوشل میڈیا صارفین باجے کا ذکر کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں (فوٹو:ٹوئٹر)
پاکستان میں یوم آزادی کا جشن بھرپور طریقے سے منانے کے لیے ہر طرف سبز جھنڈیاں، رنگ برنگے برقی قمقمے، قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے پورٹریٹس سے سجاوٹ کرنا تو روایت ہے لیکن گذشتہ چند برسوں سے اس خاص دن کی خوشی کے اظہار کے لیے پٹاخے پھوڑنے کے ساتھ ساتھ باجا بجانے کا ٹرینڈ بھی چل نکلا ہے۔
خاص طور پر بچوں کے لیے تو اب 14 اگست پر جھنڈیوں کے ساتھ باجا خریدنا بھی لازمی ہو چکا ہے۔ آپ کسی بھی گلی سے گزریں تو ایسا ممکن ہی نہیں کہ باجے کی آواز آپ کے کان میں نہ پڑے۔
باجے کی یہ پاں پاں کی آواز بہت سے لوگوں کو ناگوار لگتی ہے اسی لیے بچوں کے ساتھ کئی نوجوان بھی محض شرارت کے لیے اسے خرید لاتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جہاں پاکستان کے یوم آزادی پر وطن سے محبت کے اظہار کے لیے ٹویٹس کی جا رہی ہیں وہیں باجے کا ذکر کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

رانا افتخار عالم جنجوعہ نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'زندگی میں بڑے بڑے غلط کام کیے ہیں مگر کبھی 14 اگست پہ 'باجا' بجا کر گلی محلے کے لوگوں کا سکون برباد نہیں کیا۔'

احمد گھمن کے نام سے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا گیا کہ 'پہلے 14 اگست نہایت ادب و احترام سے منایا جاتا تھا  پھر چین نے باجا ایجاد کر دیا۔'

نتاشا خان نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'آج دام پتا کیے ہیں بڑا باجا 150 روپے کا اور چھوٹا باجا 80 روپے کا۔ وہ پوچھنا یہ تھا کہ بجٹ کے مطابق چھوٹا باجا لینے سے جذبہ حب الوطنی میں کوئی کمی بیشی تو نہیں آئے گی؟'
 

عائشہ علی نامی صارف تو باجے سے خاصی نالاں دکھائی دیں، انہوں نے باجے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ باجا ایجاد کرنے والے، بیچنے والے، خریدنے والے، بجانے والے، اس کا پلاسٹک اور پاں پاں جس فیکٹری میں بنتا ہے اس کے مالک، اس فیکٹری میں کام کرنے والے انجینیئرز، فیکٹری کے اکاؤنٹنٹ، سیلز مینیجر کو چھوڑ کر تمام قوم کو 14 اگست کی خوشیاں مبارک ہوں۔'

آدھا پاگل کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے تبصرہ کیا کہ 'مجھ میں لاکھ برائیاں سہی لیکن زندگی میں کبھی 14 اگست پر باجا نہیں بجایا۔'

ملکہ عزہ کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'پاں پاں والا باجا ایجاد کرنے الے، بیچنے اور بجانے والوں کے علاوہ سب کو جشن آزادی مبارک۔'

شیئر: