14 روزہ ہاؤس آئسولیشن کی پابندی ختم نہیں کی گئی (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے محکمہ قومیت و شہریت نے کہا ہے کہ امارات میں مقیم غیرملکیوں کے آنے جانے پرعائد پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق نئی پالیسی کے بعد آئندہ امارات سے باہر موجود کسی بھی غیرملکی کو امارات واپسی کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی اور نہ اس کے لیے درخواست دینا ضروری ہوگا، البتہ صحت ضوابط کی پابندی ماضی کی طرح مستقبل میں بھی لازمی رہے گی۔
14 روزہ ہاؤس آئسولیشن کی پابندی ختم نہیں کی گئی۔ کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آنے کی صورت میں بھی ہاؤس آئسولیشن کی پابندی کرنا ہوگی۔
امارات میں مقیم ہزاروں غیرملکی موسم گرما کی تعطیلات گزارنے کے لیے وطن واپسی کے پروگرام بنا رہے تھے۔ ان کی جانب سے مسلسل استفسار کیا جا رہا تھا کہ آیا اب وہ بلا کسی روک ٹوک امارات سے وطن جا سکتے ہیں یا نہیں؟
محکمہ شہریت و قومیت نے کہا ہے کہ جو مقیم غیرملکی چھٹیاں گزارنے کے لیے وطن واپس جانا چاہتے ہوں جا سکتے ہیں۔
کسی پر کوئی پابندی نہیں۔ واپسی کے سلسلے میں بھی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ کوئی بھی شخص بلا کسی رکاوٹ کے امارات سے جاکر واپس آسکتا ہے البتہ آنے جانے کے لیے جو حفاظتی تدابیر مقرر ہیں ان کی پابندی برقرار رہے گی۔
امارات میں مقیم غیرملکیوں نے امارات واپسی پر عائد پابندی اٹھانے کی اطلاع پرغیرمعمولی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔