ریاض میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزیاں، 19غیر ملکی گرفتار
ریاض میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزیاں، 19غیر ملکی گرفتار
ہفتہ 15 اگست 2020 5:27
ریاض لیبر آفس نے متعدد تجارتی اداروں میں چھاپے مارے ہیں ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزی پر 19 تارکین وطن کو ریاض میں چھاپہ مہم کے دوران گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت کے ماتحت ریاض لیبر آفس نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے متعدد تجارتی اداروں میں چھاپے مار کر اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ تیار کیا۔
ایک ماہ کے دوران 22 چھاپے مارے گئے اور یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ متعلقہ ادارے قوانین وضوابط پر کس حد تک عمل کر رہے ہیں۔
لیبر آفس ریاض نے بیان جاری کرکے بتایا کہ اس دوران کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی پر پابندی کے قانون، کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر سلامتی ضوابط اور ایس او پیز کی پابندی کی بابت بھی اطمینان حاصل کیا گیا۔
انسپکٹرز نے 556 کے دوررے کیے۔ 43 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔ 29 ادارو ں کو انتباہ جاری کیے گئے ہیں۔
لیبر آفس نے بتایا کہ جن 19 غیرملکیوں کو گرفتار کیا گیا وہ پرانا فرنیچر خرید کر فروخت کررہے تھے۔ یہ کاروبار وہ اپنے طور پر کر رہے تھے۔ کفیلوں (آجروں) سے اس کا کوئی تعلق نہیں تھا۔ انہیں پکڑ کر ترحیل کے حوالے کر دیا گیا۔