تفتیشی ٹیم میں متعدد اداروں کے اہلکار شامل ہیں۔فوٹو،سبق نیوز
ریاض میں وزارت محنت وسماجی بہبود آبادی کی تفتیشی ٹیموں نے قانون کی خلاف ورزی پر 17 غیر ملکیوں کو گرفتارکیا ہے۔
مشترکہ تفتیشی ٹیم وزارت محنت، پولیس اور بلدیہ کے اہلکاروں پر مشتمل تھی۔
ریجنل ڈائریکٹر وزارت محنت عبدالکریم عسیری نے مقامی ویب نیوز سبق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاض شہر کے تین علاقوں میں تفتیشی ٹیموں نے اقامہ قوانین کی خلاف ورزیوں پر 17 غیر ملکیوں کو حراست میں لیا ہے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف محنت قوانین کی خلاف ورزی کا چالان کاٹا گیا ہے۔ ڈائریکٹر محنت نے مزید کہا کہ وزارت محنت کے قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تفتیشی ٹیموں کی جانب سےخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری رہے گا۔
واضح رہے وزارت محنت کے قانون کے تحت غیر ملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے اقاموں میں درج پیشے کے مطابق کام کریں۔ تارکین کا اپنے اقاموں میں درج پیشوں کے خلاف کام کرنا قانونی خلاف ورزی میں شمار ہوتا ہے۔
قانون محنت میں مزید کہا گیا کہ وہ تارکین جو اپنے کفیل کے علاوہ کسی دوسرے کے پاس کام کرتے ہیں وہ سنگین قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ ایسے تارکین جو اپنے کفیل کے علاوہ دوسری جگہ کام کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں انہیں مملکت میں بلیک لسٹ کیا جاتا ہے جبکہ ایسے افراد کو روزگار فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔