صحتیابی کے بعد دوبارہ کورونا ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں ادارہ امور صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا افراد کو صحتیابی کے بعد دوبارہ کورونا ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں تاہم انہیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔
ادارہ امور صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے شفایاب افراد کے لیے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وہ افراد جو کورونا وائرس میں مبتلا تھے یا اس بیماری کے دوران آئسولیشن کے ایام گزار رہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ سماجی فاصلے کے اصول پر سختی سےعمل کریں۔
ایسے افراد جن میں مرض کی علامات ہوں وہ ماسک لازمی طور پر استعمال کریں اور ہاتھوں کی صفائی کا خصوصی خیال رکھیں۔
کورونا وائرس میں مبتلا افراد کے کپڑے گرم پانی جس کا درجہ حرارت 60 سے 70 ڈگری سینٹی گریڈ ہو میں دھوئیں۔ کپڑے دھوتے ہوئے پانی میں جراثیم کش محلول کا استعمال لازمی طور پر کریں۔
دروازے کے ہینڈلز اور دیگر اشیا جنہیں وہ چھوتے ہیں کو بھی جراثیم کش مواد سے صاف کریں علاوہ ازیں اپنے کمروں میں تازہ ہوا کی آمد ورفت کا خصوصی بندوبست کریں۔
ایسی اشیا جنہیں دھونا ممکن نہیں انہیں پلاسٹک کے مخصوص تھیلوں میں جمع کرکے تلف کریں۔ گاڑی کے اندرونی حصہ کو بھی جراثیم کش محلول سے صاف کیا جائے۔
ادارہ امورصحت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ احتیاطی تدابیر پر ہر ایک کو عمل کرنا چاہئے تاکہ اس مہلک مرض سے محفوظ رہا جا سکے۔
طبی معلومات میں مزید بتایا گیا ہے کہ وہ مریض جو کورونا وائرس میں مبتلا تھے مگرعلاج کے بعد ان کی حالت بہتر ہو جائے اور مرض کے حوالےسے جسمانی علامات بھی ختم ہو جائیں اس صورت میں انہیں دوبارہ کورونا ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔