امارات میں کورونا وائرس سے بچاو کی تدابیر موثر ہیں۔ (فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں مقیم غیرملکیوں کی واپسی تیز ہو گئی ہے۔ امارات آنے والی پروازوں میں ریزرویشن سو فیصد ہے۔ خاص طور پر مصر، اردن، پاکستان، انڈیا اور سوڈان سے آنے والی تمام پروازیں فل ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق سیاحتی ایجنسیوں کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں مقیم غیرملکیوں کی واپسی کے اسباب کے حوالے سے بتایا کہ پہلا سبب تو یہ ہے کہ امارات میں وبا سے بچاؤ کے لیے مقرر ایس او پیز کی پابندی کے باعث مقیم غیرملکیوں کے حلقوں میں اطمینان ہے۔
دوسرا بڑا سبب یہ ہے کہ مقیم غیرملکیوں کی امارات واپسی پر سے پابندیاں اٹھالی گئی ہیں جبکہ امارات میں کورونا وائرس سے بچاو کی تدابیر موثر ہیں۔
سیاحتی ایجنسیوں کے ذمہ داران نے بتایا کہ جس طرح امارات آنے والی پروازیں بھری ہوئی آرہی ہیں ویسے ہی امارات سے بیرون ملک سفر کرنے والوں کی تعداد بھی روز بروز بڑھ رہی ہے۔ بہت سارے غیرملکی باقی ماندہ چھٹی اپنے اپنے وطن میں گزارنا چاہتے ہیں۔ انہیں یہ بھی اطمینان ہوگیا ہے کہ اب واپسی میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔
ہزاروں کی تعداد میں مقیم غیرملکی بیرون ملک سفر کے لیے ریزرویشن کرا رہے ہیں جبکہ اماراتی شہری اور بہت سارے مقیم غیرملکی بھی یورپی ممالک سیر و سیاحت کے لیے جانے کے خواہشمند نظر آرہے ہیں البتہ اس سال یورپی ممالک جانے والوں کی تعداد گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
نیرفا سیاحتی کمپنی کے ایگزیکٹیوچیئرمین علا العلی نے بتایا کہ پاکستان، انڈیا، مصر، اردن اور سوڈان سے کوئی بھی پرواز ایسی نہیں آرہی ہے جس کی ایک بھی نشست اس وقت خالی ہو جبکہ واپسی کے اجازت نامے کی پابندی تک ان ملکوں سے آنے والی پروازوں کے مسافر پچاس فیصد سے زیادہ نہیں ہوتے تھے۔