ایران پر اسلحے کی پابندی میں توسیع کی جائے: سعودی کابینہ
ایران پر اسلحے کی پابندی میں توسیع کی جائے: سعودی کابینہ
بدھ 19 اگست 2020 18:09
کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا ہے۔ ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے ایران کے خلاف اسلحہ کی پابندی میں توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اگر ہر طرح کے روایتی یا غیر روایتی اسلحہ سے متعلق ایران پر عائد پابندی اٹھائی گئی تو اس سے مزید تباہی و بربادی پھیلے گی۔
کابینہ نے یہ مطالبہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس آن لائن ہوا۔ شاہ سلمان نے اجلاس کے آغاز میں اپنے کامیاب آپریشن پر جذبات کے اظہار اور دعائیہ کلمات کے لیے مسلم عرب اور دوست ممالک کے قائدین اور فرزندان وطن کا شکریہ ادا کیا-
سعودی کابینہ نےاس سال غیرمعمولی حج موسم کے دوران حفاظتی صحت تدابیر اور شاندار انتظامات پر مسرت کا اظہار کیا۔
کابینہ نے توجہ دلائی کہ محدود حج کے فیصلے پرامت مسلمہ اور عالمی برادری کا اظہار اطمینان قابل قدر ہے۔ محفوظ حج اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب غیرمعمولی حالات میں مثالی انتظامات کا اہل ہے۔
وزیر مملکت و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعد نے بتایا کہ کابینہ میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کورونا وبا کی تازہ صورتحال پر مشتمل رپورٹیں پیش کی گئیں۔ بتایا گیا کہ سعودی عرب میں کورونا کے ترقی یافتہ لیباریٹری ٹیسٹ 40 لاکھ سے زیادہ کیے جاچکے ہیں۔ اس بات پر تسلی ظاہر کی گئی کہ مملکت کے تمام ہسپتال مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کے لیے انتہائی احتیاط برت رہے ہیں۔ آئندہ بھی حفاظتی تدابیر جاری رکھیں گے۔ رپورٹ میں کورونا ویکسین سے متعلق ملکی و بین الاقوامی ریسرچ اور کلینکل ٹرائلز کے نتائج بھی اجاگر کیے گئے۔
کابینہ نے علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ کا بھی جائزہ لیا اس حوالے سے محبان سوڈان کی 8 ویں کانفرنس اور اس سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان کی تائید وحمایت کی گئی۔
اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ سوڈان کی خودمختاری اور اتحاد و سالمیت کا احترام ضروری ہے۔ تنازع کے اسباب طے کرکے جامع امن معاہدہ ناگزیر ہے۔
کابینہ نے یمن کی تعمیر و ترقی اور امن و استحکام کا مشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کابینہ نے بین الاقوامی تیل منڈیوں کے تازہ حالات پر منعقدہ سعودی، اماراتی، کویتی ، بحرینی عمانی اور عراقی وزرائے توانائی کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے کی حمایت کی جبکہ متعدد ملکی امور کے بارے میں 8 فیصلے بھی کیے۔