فراڈ کے سدباب کے لیے بینکو ں کو انتظامی یونٹ قائم کریں گے(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے مملکت میں بینکوں میں مالیاتی فراڈ سے بچاؤ کے لیے سپیشل گائیڈ بک جاری کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ساما نے تمام بینکوں پر پابندی لگائی ہے کہ وہ اپنے یہاں فراڈ کے سدباب کے لیے انتظامی یونٹ قائم کریں۔ یہ یونٹ ہر طرح کے مالی فراڈ سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل پیش اور فراڈ کا سدباب کرے۔
گائیڈ بک کے مطابق یونٹ کو کئی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ اسے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مالیاتی فراڈ کے انسداد کے لیے متعلقہ بینک کی حکمت عملی ترتیب دے۔
انسداد دھوکہ دہی یونٹ کی ذمہ داری یہ بھی ہوگی کہ وہ مالیاتی فراڈ کے انسداد سے متعلق کارروائی، شواہد اور ممکنہ پالیسیاں تجویز کرے۔
یونٹ کا ایک کام یہ بھی ہوگا کہ بین الاقوامی تنظیموں سے جاری ہونے والے نئے ضوابط اور سفارشات سے استفادہ کرے اور مالیاتی فراڈ کے سدباب سے متعلق سرگرمیوں سے فائذہ اٹھائے۔
گائیڈ بک کے مطابق کہ تمام بینک اپنے کھاتے داروں کو مالیاتی فراڈ کے طور طریقوں کے بارے میں مسلسل آگاہ کرتے رہیں۔ خاص طور پر مالیاتی فراڈ کے نئے حربوں اور دھوکہ دہی سے انہیں مطلع کرنے کا اہتمام کریں۔
یاد رہے کہ مالیاتی فراڈ سے بچاؤ کے لیے گائیڈ بک کا اجرا اس حوالے سے پیش آنے والے خطرات کو لگام لگانے میں معاون ثابت ہوگا۔