جدہ کے تاریخی علاقے ’البلد‘ میں سعودی نوجوان سڑکوں پر گھومنے والی بلیوں کے میزبان بن گئے۔ سخت گرمی سے پریشان بلیوں کے لیے پانی اور کھانے کا انتظام پابندی سے کرنے لگے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مختلف جانوروں کی افزائش اور ان کی نگہداشت کرنے والی انجمنوں نے سعودی لڑکیوں اور لڑکوں کے اس اقدام پر پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سعودی نوجوانوں کی تعریف میں ٹویٹ کیے جارہے ہیں۔
عبداللہ الحضیف اور سارہ الھاجری جو اس کام میں پیش پیش ہیں نے بتایا کہ جدہ شہر کے لوگ عموما اور جدہ کے تاریخی علاقے کے باشندے خصوصا بلیوں کی میزبانی پر خوش ہیں- کئی لوگ رضاکاروں کے کاررواں میں شامل ہوگئے ہیں اور وہ نہ صرف یہ کہ بلیوں کے لیے خوراک کا اہتمام کرنے لگے ہیں بلکہ ان کے علاج میں بھی حصہ لینے لگے ہیں-
الھاجری نے بتایا کہ موسم گرما کی شدت اور اس دوران عوام کے گھروں میں بند رہنے والے ماحول نے بلیوں کو جدہ کے تاریخی علاقے کی گلیوں کا رخ کرنے پر آمادہ کیا- صورتحال یہ ہوگئی کہ یہ بلیاں جسے دیکھتی اس کی طرف آگے بڑھتی وہ غذا اور پانی مانگے لگی تھیں۔
الحضیف نے بتایا کہ انہوں نے بلیوں کی میزبانی شروع کے ساتھ ساتھ شہر کے باشندوں کی توجہ اس جانب مبذول کرانے کے لیے سوشل میڈیا پر اپیل بھی جاری کردی۔
الحضیف کا کہنا ہے کہ اب تک البلد کے علاقے میں سیکڑوں بلیوں کو روزانہ کی بنیاد پر کھانا پینا فراہم کیا جاچکا ہے- بیمار بلیوں کا علاج بھی کرایا گیا ہے- کئی کی آنکھوں میں تکلیف تھی بعض زخمی تھیں- سب کی اچھی طرح سے خدمت کی گئی اور کی جارہی ہے-
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں