نواز شریف کی مفرور قرار دینے کے خلاف درخواست واپس
جمعرات 20 اگست 2020 10:12
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
درخواست کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نے کی۔ (فوٹو: اے پی)
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی سے روکنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست واپس لے لی۔
جمعرات کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی درخواست پر سماعت کی۔
ایک منٹ کے دورانیہ کی سماعت میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ نواز شریف کی ضمانت کا سٹیٹس کیا ہے؟
نواز شریف کے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون نے عدالت سے درخواست واپس لینے کی اسدعا کی جو کہ منظور کر لی گئی۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نے احتساب عدالت کو توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی سے روکنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔ سابق وزیر اعظم نے یہ موقف اپنایا تھا کہ وہ ضمانت پر ہیں اور ان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کو روکا جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ سماعت پر پنجاب حکومت اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ضمانت کے سٹیٹس کے بارے میں رپورٹ جمع کرنے کا حکم دیا تھا۔
احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو عدالت میں پیش ہونے کے احکمات جاری کیے تھے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کے باعث احتساب عدالت نے 25 اگست تک اشتہاری قرار دینے کی کارروائی روک رکی تھی جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔